گزین مری کی وطن واپسی، ایئر پورٹ سے باہر نکلتے ہی گرفتار

09:21 AM, 22 Sep, 2017

کوئٹہ: ذرائع کے مطابق نواب خیر بخش مری کے بیٹے نوابزادہ گزین مری 17 سالہ خود ساختہ جلا وطنی کے بعد آج کوئٹہ پہنچ گئے ہیں۔ گزین مری کو ائیر پورٹ سے باہر نکلتے ہی گرفتار کر لیا گیا۔ اس موقع پر ائیر پورٹ کے باہر سیکیورٹی اہلکاروں کی بڑی تعداد موجود تھی۔ ذرائع کا کہنا ہے کہ گزین مری کو جسٹس نواز مری قتل کیس میں گرفتار کیا گیا ہے۔ گزین مری کے وکیل کے مطابق ان کے موکل کی تمام مقدمات میں حفاظتی ضمانت لی جا چکی تھی لیکن اس کے باوجود کوئٹہ پولیس گزین مری کو حراست میں لے کر نامعلوم مقام پر لے گئی۔

نوابزادہ گزین مری مشرف دور میں دبئی چلے گئے تھے اور ان پر 13 سے زائد مقدمات درج ہیں۔ بلوچستان ہائی کورٹ کے سینئر جج جسٹس نواز مری کو 7 جنوری 2000 کو کوئٹہ کے زرغون روڈ کے علاقے میں قتل کر دیا گیا تھا۔

جسٹس نواز مری کے قتل کے الزام میں گزین مری، حربیار مری اور دیگر کو نامزد کیا گیا تھا جبکہ گزین مری کے والد نواب خیر بخش مری کو بھی گرفتار کیا گیا تھا لیکن بعد میں انہیں رہا کر دیا گیا تھا۔

یاد رہے گزشتہ دنوں نوابزادہ گزین مری نے اعلان کیا تھا کہ وہ وطن واپس آ رہے ہیں اور انہیں کسی سے اجازت لینے کی ضرورت نہیں اور نہ ہی کسی سے ریلیف مانگا ہے۔ ان کے ترجمان کے مطابق گزین مری اپنے خلاف بننے والے مقدمات کا عدالتوں کا سامنا کریں گے۔

نیو نیوز کی براہ راست نشریات، پروگرامز اور تازہ ترین اپ ڈیٹس کیلئے ہماری ایپ ڈاؤن لوڈ کریں

مزیدخبریں