پی ٹی آئی کا ججز کی تقرری کمیٹی میں شرکت نہ کرنے کا فیصلہ 

09:11 PM, 22 Oct, 2024

نیوویب ڈیسک

اسلام آباد:سنی اتحاد کونسل اور پی ٹی آئی کے اراکین نے چیف جسٹس کی تقرری کے لیے بنائی گئی خصوصی پارلیمانی کمیٹی کے اجلاس میں شرکت نہ کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔

سپیکر قومی اسمبلی سے ملاقات کے بعد سنی اتحاد کونسل کے اراکین نے سپیکر ایاز صادق کو آگاہ کیا کہ وہ کمیٹی میں شامل نہیں ہوں گے۔ سپیکر آفس نے بتایا کہ سنی اتحاد کونسل کی غیرموجودگی کی وجہ سے کمیٹی نے احسن اقبال، رعنا انصر، راجہ پرویز اشرف، اور کامران مرتضی پر مشتمل ایک سب کمیٹی بنائی، جسے سنی اتحاد کونسل کے اراکین کو اجلاس میں شرکت کے لیے قائل کرنے کی ذمہ داری سونپی گئی۔

سب کمیٹی نے سپیکر سے ملاقات کی درخواست کی، جس کے بعد ان کی اور سنی اتحاد کونسل کے اراکین کے درمیان اسپیکر ایاز صادق کے چیمبر میں ملاقات ہوئی۔ اس ملاقات میں بیرسٹر گوہر علی خان نے بھی شرکت کی، مگر انہوں نے بتایا کہ ان کی پارٹی کی سیاسی کمیٹی نے فیصلہ کیا ہے کہ وہ کمیٹی کے اجلاسوں میں شریک نہیں ہوں گے۔

قبل ازیں، جمعیت علمائے اسلام کے سربراہ مولانا فضل الرحمان نے بھی ججز کی تقرری کے لیے بنائی گئی کمیٹی میں شرکت کے حوالے سے پی ٹی آئی رہنما اسد قیصر سے رابطہ کیا تھا، جنہوں نے پارٹی قیادت سے مشاورت کا وقت مانگا۔

مزیدخبریں