شہباز شریف کی غزہ اور لبنان کیلیے امدادی سامان کے 2جہاز فوری بھیجنے کی ہدایت

03:00 PM, 22 Oct, 2024

نیوویب ڈیسک

اسلام آباد : وزیرِ اعظم محمد شہباز شریف نے غزہ اور لبنان کے لیے امدادی سامان کی ترسیل کو تیز کرنے کا حکم دیا ہے اور فوری طور پر دو ہوائی جہاز بھیجنے کا فیصلہ کیا ہے۔

 انہوں نے اس حوالے سے ایک جائزہ اجلاس کی صدارت کی جس میں امداد کی روانگی پر بات چیت کی گئی۔

وزیرِ اعظم نے ہدایت کی کہ ہوائی راستوں کے علاوہ زمینی راستوں سے بھی امدادی سامان بھیجا جائے، اور یہ یقینی بنایا جائے کہ یہ سامان حقیقی ضرورت مندوں تک پہنچے۔ انہوں نے پاکستانی سفراء سے رابطے بہتر بنانے کی بھی ہدایت کی تاکہ امداد کی ترسیل میں کوئی رکاوٹ نہ ہو۔

شہباز شریف نے عوام، خاص طور پر صاحب ثروت افراد سے اپیل کی کہ وہ وزیراعظم ریلیف فنڈ برائے غزہ و لبنان میں عطیات دیں۔ انہوں نے ایک بینک اکاؤنٹ نمبر بھی فراہم کیا اور اس فنڈ کے حوالے سے آگہی مہم چلانے کی ہدایت کی۔

اجلاس میں بتایا گیا کہ پاکستان کی طرف سے غزہ اور لبنان کے متاثرین کے لیے سردی سے بچانے والے ٹینٹس، کپڑے، کمبل، ادویات اور خوراک بھیجی جا رہی ہے۔ تاہم، اسرائیلی حملوں کے باعث امدادی سامان کی ترسیل میں مشکلات درپیش ہیں۔ حکومت نے این جی اوز کو بھی مدد فراہم کرنے کا وعدہ کیا ہے تاکہ وہ بھی امداد بھیج سکیں۔

اجلاس میں کئی وفاقی وزراء اور اعلیٰ حکام نے شرکت کی۔

مزیدخبریں