26 ویں آئینی ترمیم کو سپریم کورٹ اور سندھ ہائی کورٹ میں چیلنج کردیا گیا

12:30 PM, 22 Oct, 2024

نیوویب ڈیسک

اسلام آباد : 26 ویں آئینی ترمیم کو سپریم کورٹ اور سندھ ہائی کورٹ میں چیلنج کر دیا گیا ہے۔

 سپریم کورٹ میں محمد انس نے وکیل عدنان خان کے ذریعے درخواست دائر کی اور وفاق کو فریق بنایا گیا۔ درخواست گزار کا کہنا ہے کہ پارلیمنٹ کو آئین میں ترمیم کا اختیار تو ہے، مگر یہ عدلیہ کے امور میں مداخلت کے لیے استعمال نہیں ہونا چاہیے۔

درخواست میں یہ بھی کہا گیا ہے کہ اس ترمیم سے چیف جسٹس کی تعیناتی کا طریقہ کار بدل دیا گیا ہے، جس کی وجہ سے یہ اختیار حکومت کے پاس چلا گیا ہے۔ مزید یہ کہ ججز کی تقرری کے جوڈیشل کمیشن کی تشکیل بھی تبدیل کی گئی ہے، جو آئین کے بنیادی ڈھانچے کے خلاف ہے۔

اسی طرح سندھ ہائی کورٹ میں بھی ایک علیحدہ درخواست دائر کی گئی ہے، جس میں الہٰی بخش ایڈووکیٹ نے وفاق اور وزارت قانون کو فریق بنایا ہے۔ اس درخواست میں کہا گیا ہے کہ ترمیم کے ذریعے عدلیہ کی آزادی اور قانون کی حکمرانی کی خلاف ورزی کی گئی ہے، جس سے ججز کی تعیناتی میں انتظامیہ کی مداخلت بڑھ گئی ہے۔

دونوں عدالتوں میں یہ استدعا کی گئی ہے کہ 26 ویں آئینی ترمیم کی کچھ مخصوص دفعات کو کالعدم قرار دیا جائے۔

مزیدخبریں