آئی ایم ایف کی پاکستان کو مستقل اصلاحات کے نفاذ اور نجی شعبے کی ترقی میں تیزی لانے کی ہدایت

10:53 AM, 22 Oct, 2024

نیوویب ڈیسک

واشنگٹن : عالمی مالیاتی فنڈ (آئی ایم ایف) نے پاکستان کو مستقل اصلاحات کے نفاذ اور نجی شعبے کی ترقی میں تیزی لانے کی ہدایت کی ہے۔

آئی ایم ایف اور ورلڈ بینک کے سالانہ اجلاس کے موقع پر، پاکستانی وفد جس میں سیکرٹری خزانہ امداد اللہ بوسال اور گورنر سٹیٹ بینک جمیل احمد شامل تھے، نے آئی ایم ایف کے ڈپٹی مینجنگ ڈائریکٹر کینجی اوکامورا سے واشنگٹن ڈی سی میں ملاقات کی۔

اس ملاقات میں وفد نے مالی وسائل بڑھانے کے لیے مختلف اقدامات جیسے ٹیکس بنیادوں میں وسعت، صوبائی زرعی آمدنی ٹیکس کی وفاقی ٹیکس سے ہم آہنگی، سبسڈیز میں توازن، حکومتی حجم میں کمی اور توانائی کی قیمتوں میں کمی پر بات کی۔

ملاقات کے دوران نجی شعبے کی ترقی کی رفتار بڑھانے اور آئی ایم ایف کے پروگراموں کے ذریعے ماحولیاتی استحکام کے لیے اٹھائے گئے اقدامات پر بھی تبادلہ خیال کیا گیا۔

اس کے علاوہ، پاکستانی وفد نے آئی ایم ایف ڈائریکٹر جہاد ازعور سے بھی ملاقات کی اور 7 ارب ڈالر کے توسیعی فنڈ کی منظوری پر شکریہ ادا کیا۔ جہاد ازعور نے پاکستان کو فنڈ پروگرام کے کامیاب آغاز پر مبارکباد دی۔

مزیدخبریں