اسلام آباد : پاکستان تحریکِ انصاف (پی ٹی آئی) نے خصوصی پارلیمانی کمیٹی کے اجلاس سے الگ رہنے کا فیصلہ کیا ہے۔
تحریکِ انصاف کی سیاسی کمیٹی نے ایک اعلامیہ جاری کیا ہے جس میں 26 ویں آئینی ترمیم کے حق میں ووٹ دینے والے اراکین کے خلاف کارروائی کی منظوری دی گئی ہے۔ پارٹی نے اعلان کیا ہے کہ ووٹ دینے والے اراکین کی بنیادی رکنیت منسوخ کرنے اور ان کے خلاف تادیبی کارروائی پر اتفاق کیا گیا ہے۔
اعلامیے کے مطابق، پارٹی سے روابط منقطع کرنے والے دیگر اراکین کو بھی شوکاز نوٹسز جاری کیے جائیں گے۔ پی ٹی آئی کے اراکین کو حکومتی حلقوں سے روابط رکھنے پر اپنی پوزیشن واضح کرنے کی ہدایت کی جائے گی۔ پارٹی کا کہنا ہے کہ اراکین کے جوابات کی بنیاد پر ان کے مستقبل کا فیصلہ کیا جائے گا۔
واضح رہے کہ اس سے قبل پی ٹی آئی نے چیف جسٹس کی تعیناتی کے عمل میں شامل ہونے کا فیصلہ کیا ہے اور پارلیمانی کمیٹی کے لیے نام بھی طے کر لیے تھے۔