محمد شامی کی پانچ وکٹیں، مچل کی سنچری، نیوزی لینڈ کا بھارت کو فتح کیلئے 274 رنز کا ہدف 

محمد شامی کی پانچ وکٹیں، مچل کی سنچری، نیوزی لینڈ کا بھارت کو فتح کیلئے 274 رنز کا ہدف 

دھرم شالا: ورلڈ کپ 2023 میں نیوزی لینڈ نے ڈیرل مچل کی سنچری کی بدولت بھارت کو فتح کے لیے 274 رنز کا ہدف دیا ہے۔ بھارتی باؤلر محمد شامی نے 5 کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا۔ 

بھارتی شہر دھرم شالا میں کھیلے جا رہے آئی سی سی ورلڈ کپ 2023 کے 21ویں میچ میں بھارتی کپتان روہت شرما نے پہلے باؤلنگ کا فیصلہ کیا۔

باؤلنگ کے لیے سازگار وکٹ پر بھارتی باؤلرز نے ابتدائی اوورز میں نپی تلی باؤلنگ کی اور اس کا صلہ انہیں چوتھے ہی اوور میں اس وقت ملا جب سراج نے ان فارم ڈیون کونوے کو چلتا کردیا۔

اسکور ابھی 19 تک پہنچا ہی تھا کہ روہت شرما باؤلنگ میں پہلی تبدیلی کرتے ہوئے ورلڈ کپ میں پہلا میچ کھیلنے والے محمد شامی کو لائے اور انہوں نے کپتان کے اعتماد پر پورا اترتے ہوئے اپنی پہلی ہی گیند پر وِل ینگ کو چلتا کردیا۔

19 رنز پر دو وکٹیں گرنے کے بعد رچن رویندرا کا ساتھ دینے ڈیرل مچل آئے اور دونوں کھلاڑیوں نے ذمے دارانہ کھیل پیش کرتے ہوئے دوسری وکٹ کے لیے شاندار شراکت قائم کی۔

دونوں نے بہترین کھیل پیش کرتے ہوئے دوسری وکٹ کے لیے 159 رنز جوڑے بالخصوص اب تک خطرناک ثابت ہونے ولے کلدیپ یادیو کی زبردست درگت بنائی اور ان کے ابتدائی پانچ اوورز میں 48 رنز بنائے۔

اس شراکت کا خاتمہ بھی محمد شامی نے کیا اور ایک چھکے اور 6چوکوں کی مدد سے 75 رنز بنانے والے رویندرا کی اننگز کا خاتمہ کردیا جبکہ لیتھم پانچ رنز بنانے کے بعد کلدیپ یادیو کی وکٹ بن گئے۔

دوسرے اینڈ سے ڈیرل مچل ڈٹے رہے اور شاندار بیٹنگ کرتے ہوئے اپنی سنچری مکمل کرتے ہوئے گلین فلپس کے ہمراہ اسکور کو 243 تک پہنچا دیا۔

ایک موقع پر ایسا لگتا تھا کہ نیوزی لینڈ کی ٹیم 300 سے زائد کا مجموعہ اسکور بورڈ پر سجانے میں کامیاب رہے گی لیکن اختتامی اوورز میں بھارتی باؤلرز نے شاندار کھیل پیش کرتے ہوئے بھارتی بلے بازوں کو رنز بنانے سے باز رکھا۔

نیوزی لینڈ کی ٹیم مقررہ اوورز میں 273 رنز بنا کر آؤٹ ہو گئی اور نیوزی لینڈ کی ٹیم کو ڈھیر کرنے کا سہرا محمد شامی کے سر رہا جنہوں نے عمدہ باؤلنگ کرتے ہوئے پانچ وکٹیں اپنے نام کیں۔

ڈیرل مچل نے بہترین بیٹنگ کرتے ہوئے 5 چھکوں اور 9 چوکوں کی مدد سے 130 رنز بنائے۔

مصنف کے بارے میں