راولپنڈی: اینٹی نارکوٹکس فورس(اے این ایف) کا منشیات اسمگلنگ کے خلاف کاروائیوں کا سلسلہ جاری ہے۔ملک گیر 11 کاروائیوں میں 106 کلو منشیات برآمد، خاتون سمیت 13ملزمان گرفتار کر لیے گئے۔
اے این ایف ہیڈکوارٹر ترجمان کے مطابق پہلی کاروائی اسلام آباد ایئرپورٹ پر کی گئی جہاں مسافر کے ٹرالی بیگ میں چھپائی گئی 504 گرام ہیروئن برآمد کرکے وہاڑی کے رہائشی مُلزم کو گرفتار کرلیا گیا۔ ملزم پرواز جی ایف 771 کے ذریعے بحرین روانہ ہو رہا تھا۔
راولپنڈی میں واقع کوریئر آفس میں برطانیہ سے بھیجے گئے پارسل سے 18 گرام ویڈ برآمد کرلی گئی۔ اے این ایف نے لاہور ڈی ایچ اے اور عسکری 10 میں دو مختلف کاروائیاں کرتے ہوئے تین گاڑیوں سے مجموعی طور پر 7 کلو ہیروئن اور 940 گرام کوکین برآمد کی اور دورانِ کاروائی لاہور اور شیخوپورہ کے رہائشی 3 ملزمان کو موقع سے گرفتار کیا گیا۔
ترجمان نے بتایا کہ لاہور علامہ اقبال ایئرپورٹ پر خیبر کے رہائشی سے 500 گرام آئس برآمد ہوئی ملزم پرواز کیو آر 621 کے ذریعے دوحہ روانہ ہو رہا تھا۔ فیصل آباد ایئرپورٹ پر پرواز جی ایف 791 کے ذریعے بحرین جانے والے گوجرانوالہ کے رہائشی ملزم کے بیگ کے خفیہ خانوں میں چھپائی گئی 335 گرام آئس برآمد کرلی۔
کراچی میں جناح ایئرپورٹ پر جدہ جانے والے مسافر کے بیگ سے 800 نشہ آور گولیاں برآمد کرلی گئیں۔ کراچی سٹی ریلوے اسٹیشن پر کوئٹہ اور کراچی کے رہائشی 3 مُلزمان سے 9 کلو کیٹامائن برآمد کی گئی۔
اے این ایف کی جانب سےگورنمنٹ کالج پشاور کے قریب گاڑی سے 57 کلو سے زائد چرس، 12 کلو افیون، 7 کلو ہیروئن اور 1 کلو آئس برآمد کر کےچارسدہ کی رہائشی خاتون سمیت ملزم گرفتار کر لیا گیا۔ برآمدہ منشیات گاڑی کی ڈگی میں چھپا کر پنجاب اسمگل کیا جا رہا تھا۔اسی طرح پشاور باچا خان ایئرپورٹ پر پرواز کیو601 کے ذریعے دوحہ جانے والے مسافر کے پیٹ سے 112 آئس بھرے کیپسول برآمد کرلیئے گئے۔خیبر کے غیر آباد علاقے سے اسمگلنگ کی غرض سے چھپائی گئی 10 کلو چرس برآمد کرلیا گیا۔
اینٹی نارکوٹکس فورس (اے این ایف) کے ترجمان کا کہنا ہے کہ تمام ملزمان کیخلاف انسدادِ منشیات ایکٹ کے تحت مقدمات درج کرکے تحقیقات کا آغاز کردیا گیا ہے۔