نواز شریف کا جلسہ اچھا تھا مگر   پاکستانیوں کیلئے کوئی امید نظر نہیں آتی، عمران خا ن کو باہر آنے دیں ہم اس سے دگنا بڑا جلسہ کر کے دکھائیں گے: علی محمد خان

10:19 AM, 22 Oct, 2023

نیوویب ڈیسک

 کراچی: تحریک انصاف کے رہنما علی محمد خان نے کہا ہے کہ نواز شریف کو وطن واپسی پر خوش آمدید کہتا ہوں،نواز شریف پہلے جیل جاتے پھر انہیں عدالت سے ریلیف ملتی تو ان کا قد بڑھ جاتا،

کراچی: تحریک انصاف کے رہنما علی محمد خان نے کہا کہ نواز شریف کو وطن واپسی پر خوش آمدید کہتا ہوں، نواز شریف کی واپسی آئین کے مطابق ہوتی تو ان کا قد بڑھتا، نواز شریف جیل سے باہر گئے تھے آئین و قانون کے مطابق انہیں واپس جیل آنا چاہئے تھا، نواز شریف پہلے جیل جاتے پھر انہیں عدالت سے ریلیف ملتی تو ان کا قد بڑھ جاتا۔

نجی ٹی وی کے ٹاک شو میں بات کرتے ہوئے پاکستان تحریک انصاف کے رہنما علی محمد خان کا کہنا تھا کہ اسلام آباد ہائیکورٹ کے لوگ نواز شریف کے پاس گئے جبکہ عدالت کسی کے پاس نہیں جاتے، ہمارے لیڈر کو گولی لگنے اور لاحق خطرات کے باوجود عدالت بلایا گیا ، وہاں عمران خا ن کے ساتھ جو کچھ ہوا وہ سب نے دیکھا۔

سابق وزیر مملکت برائے پارلیمانی امور کا کہنا تھا کہ نواز شریف کو واپسی پر حکومتی لوگوں نے ویلکم کیا، الیکشن کمیشن پر سوال اٹھتا ہے کیا ہم صاف و شفاف الیکشن کی طرف بڑھ رہے ہیں، کیا حکومت کا کام ایک سیاسی جماعت کے سزایافتہ لیڈر کا اس طرح استقبال کرنا ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ نواز شریف کے جلسے میں پاکستانیوں کیلئے کوئی امید نظر نہیں آتی، نواز شریف تین مرتبہ خود اور ایک مرتبہ ان کے بھائی وزیراعظم بنے مگر عوام کی تقدیر نہیں بدل سکے، اسٹیج پر فیملی نظر آتی ہے عام پاکستانی کہیں نہیں ہے۔  نواز شریف کے اسٹیج پر وہی ٹیم بیٹھی تھی جو شہباز شریف کی کابینہ میں تھی۔

   علی محمد خان نے کہا کہ ایٹمی دھماکے ضرور نواز شریف کے دور میں ہوئے لیکن اس کا کریڈٹ محسن پاکستان ڈاکٹر عبدالقدیر خان کو جاتا ہے۔

علی محمد خان کا کہنا تھا کہ ہمیں اپنے لیڈر پر فخر ہے وہ تسبیح ہاتھ میں پکڑے قمیض شلوار پہن کر وائٹ ہاؤس میں آنکھوں میں آنکھیں ڈال کر اس طاقت کے سامنے بات کرسکتا ہے جس کے سامنے یہ جھک کر ملتے ہیں۔

رہنما پی ٹی آئی نے کہا کہ صدر مملکت عارف علوی چیئرمین پی ٹی آئی، نواز شریف کو بلائیں اور بیٹھ کر بات کریں، صدر عارف علوی سیاسی کارکن ہیں دو مرتبہ کراچی جیسے شہر سے الیکشن جیت کر آئے ہیں، وہ کسی کے اشارے پر عمل کرنے والے نہیں عوامی آدمی ہیں، ریاست کا سب سے بڑا گھر ایوان صدر ہے، تمام زعماء وہاں قرآن پر ہاتھ رکھ کر فیصلہ کریں کہ آئندہ ملک کے مفاد میں فیصلے کرنا ہیں۔

علی محمد خان نے کہا کہ ہمیں کب تک جیلوں میں بند رکھا جائے گا، کب تک ہمارے گھروں پر چھاپے اور ہماری خواتین کو جیلوں میں رکھا جائے گا، ایک دن ہم نکلیں گے اور جب نکلیں گے تو پاکستان زندہ باد کے نعرے گونجیں گے۔

تحریک انصاف کے رہنما علی محمد خان نے کہا کہ ہم نے مینار پاکستان ریاست، حکومت اور انتظامیہ کی مدد کے بغیر بے شمار بار بھرا ہے، نواز شریف کا جلسہ اچھا تھا عمران خا ن کو باہر آنے دیں ہم اس سے دگنا بڑا جلسہ کر کے دکھائیں گے، صاف و شفاف انتخابات کرانے چاہئیں،اسٹیل ملز، پی آئی اے اور پاکستان ریلوے جیسے ادارے عمران خان کے دور میں تباہ نہیں ہوئے۔

مزیدخبریں