لاہور: وزیر اعظم شہباز شریف نے کہا ہے کہ عمران خان کو 2018ء میں دھاندلی کے ذریعے وزیر اعظم بنایا گیا تھا ۔ الیکشن کمیشن کے فیصلے سے عمران خان سرٹیفائیڈ چور اور جھوٹے ثابت ہوگئے ۔ چیف الیکشن کمشنر کا نام عمران خان نے تجویز کیا تھا اس وقت کی اپوزیشن نے نہیں۔ عمران خان نے تحفے بیچ کر دنیا میں پاکستان کی عزت کا جنازہ نکال دیا۔
وزیراعظم محمد شہباز شریف نے لاہور میں نیوز کانفرنس کرتے کہا کہ کل ایک اور انعام اللہ تعالی نے ہمیں عطا کیا۔ گرے لسٹ سے نکلنے کی بہت بڑی کامیابی اللہ نے عطا کی۔ہماری ٹیم نے فیٹیف نکات پر شاندار طریقے سے کام کیا۔یہ قومی معاملہ تھا 22کروڑ عوام کی قسمت اس بل سے جڑی ہوئی تھی۔ پاکستان کے وقار پر ہم نے کوئی کمپرومائز نہیں کیا۔
شہباز شریف نے کہا کہ نوجوان نسل بیروزگار ہے کہ کب روزگار ملے گا۔سردی کی آمد آمد ہے سیلاب زدگان کے لیے مشکل پڑ گئی ہے، انہیں مدد کی ضرورت ہے۔ ہمیں سیلاب متاثرین کی مشکلات کا ازالہ کرنا چاہیے۔۔
انہوں نے کہا کہ عمران خان توشہ خانہ کے معاملے میں سرٹیفائیڈ خائن اور چور ہے۔ ایک شخص دن رات کہتا ہے حکومت میں لوگ چور ڈاکو ہیں انہیں چھوڑوں گا۔عمران خان ہر ایک کو چور ڈاکو کہتا رہا اور خود چور ثابت ہوگیا۔ نوازشریف کا پانامہ اور اقامہ کے حوالےسے فیصلہ آیا۔ عمران خان نےاس وقت کہا تھا اگر ایسا فیصلہ میرے خلاف آیا تو سیاست چھوڑدوں گا۔
وزیر اعظم کا کہنا تھا کہ عمران خان کو جھرلو اور دھاندلی کے ذریعے مسند اقتدار پر بٹھایا گیا۔ بدعنوانی کی پاداش میں فیصلہ آیا کہ عمران خان سرٹیفائیڈ چور ہے۔ عمران خان نے برسراقتدار آتے ہی کہا وزیراعظم ہاؤس میں بھینسیں ہیں انہیں بیچوں گا۔ انہوں نے 23 لاکھ یا اس سے زائد پیسے لے کر وہ بھینسیں بیچ دیں ۔اس کے بعد عمران خان نے وزیراعظم ہاؤس کی گاڑیاں بھی بیچ دیں۔ کفایت شعاری کا راگ الاپنے والے نے تحفے کی گھڑی تک بیچ دی۔