اسلام آباد: الیکشن کمیشن آف پاکستان (ای سی پی) کے ترجمان نے کہا ہے کہ چیف الیکشن کمشنر سکندر سلطان راجہ کا کوئی سوشل میڈیا اکاؤنٹ نہیں ہے۔
تفصیلات کے مطابق ترجمان الیکشن کمیشن کی جانب سے جاری بیان میں کہا گیا ہے کہ چیف الیکشن کمشنر کا سوشل میڈیا پر کوئی اکاؤنٹ نہیں ہے لہٰذا عوام جعلی سوشل میڈیا اکاؤنٹ پر یقین نہ کریں۔
ترجمان الیکشن کمیشن نے مزید کہا کہ چیف الیکشن کمشنر کے سکندر سلطان راجہ کے نام کا اکاؤنٹ بناکر جھوٹ اور پروپیگنڈہ پھیلایا جا رہا ہے، سوشل میڈیا پر ان کے نام سے چلنے والے تمام جعلی اکاؤنٹس ہیں۔
واضح رہے کہ گزشتہ روز چیف الیکشن کمشنر سکندر سلطان راجہ نے چیئرمین تحریک انصاف عمران خان کے خلاف توشہ خانہ کیس کا فیصلہ سناتے ہوئے انہیں 5 سال کیلئے نااہل قرار دیا تھا۔
پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کی جانب سے چیف الیکشن کمشنر کے فیصلے کی شدید الفاظ میں مذمت کرتے ہوئے ہائیکورٹ میں جانے کا اعلان کر رکھا ہے۔