مذہبی جماعت کی طرف سے دھرنے کی کال ،جڑواں شہروں میں سکیورٹی ہائی الرٹ 

09:52 PM, 22 Oct, 2021

اسلام آباد:مذہبی جماعت کی جانب سے فیض آباد دھرنے کی کال کےبعد جڑواں شہروں میں ٹریفک کا نظام درہم برہم ہو گیا ،راولپنڈی ،اسلام آباد میں سکیورٹی ہائی الرٹ کر کے شہر میں جگہ جگہ کنٹینر ز لگادئیے گئے ۔

نمائندہ نیو نیوز کے مطابق کالعدم مذہبی جماعت کی طرف سے دھرنے کی کال کے بعد اسلام آباد ،راولپنڈی میں سکیورٹی ہائی الرٹ کر دی گئی ،دھرنے کو وفاقی دارالحکومت یا فیض آباد پہنچنے سے قبل ہی روکنے کیلئے شہر کے داخلی راستوں پر جگہ جگہ کنٹینرز کھڑے کر دئیے گئے ،دھرنے کی کال کے بعد صد ر سے فیض آباد تک میٹرو بس سروس بھی معطل کر دی گئی جس کی وجہ سے شہری پریشان ہیں ۔

فیض آباد دھرنے کی کال کے بعد  شہر کے داخلی اور خارجی راستوں پر کنٹینرز لگا دیئے گئے خصوصا جڑواں شہروں کے سنگم فیض آباد پر پنجاب اور وفاق پولیس سمیت رینجرز کے دستے تعینات کردیئے گئے  ہیں،راولپنڈی کی مرکزی شاہراہ مری روڈ کے تمام چوراہوں پر کنٹینرز لگائے جانے سے شہریوں کو نقل و حرکت میں شدید مشکلات کا سامنا ہے جبکہ سکول، کالج اور دفاتر سے گھروں کو واپس جانے والے بھی پیدل اور متبادل راستوں پر سفر کرتے دکھائی دیئے۔

دوسری طرف میٹروبس سروس صدر سے فیض آباد اسٹیشن تک بند کردی گئی جبکہ میٹروبس انتظامیہ نے آئی جے پی اسٹیشن سے سیکرٹریٹ تک اپنی سروس جاری رکھی ۔لیاقت باغ چوک میں مذہبی جماعت کے چند کارکن جمع ہونے پر انہیں پولیس نے حراست میں لے لیا۔

انتظامیہ کے مطابق  راولپنڈی شہر کے اندورن علاقوں سکستھ روڈ، سید پور روڈ، چاندنی چوک ، کمیٹی چوک ، مریڑھ چوک، راول روڈ ، عمار چوک اور صادق آباد کے اطراف کو بھی کنٹینرز لگا کر بند کیا گیا ہے ۔ اسلام آباد انتظامیہ کی جانب سے ایکسپریس وے کو کھلا رکھا گیا ہے ۔ ڈی چوک جانے والے افراد کو نادرا چوک اور ایوب چوک سے جانے کی اجازت ہو گی ۔ انتظامیہ کے مطابق میٹرو بس سروس آئی جے پی روڈ سے سیکریٹریٹ تک بحال رہے گی۔

مزیدخبریں