فحش فلم دیکھنے سے انکار، نو عمر لڑکوں کے ہاتھوں 6 سالہ لڑکی قتل 

07:53 PM, 22 Oct, 2021

آسام: بھارتی ریاست آسام کے ضلع ناگاؤں میں 6 سالہ لڑکی کو موبائل پر فحش فلم دیکھنے سے انکار پر تشدد کر کے قتل کرنے کے الزام میں 3 نو عمر لڑکوں کو گرفتار کر لیا گیا جبکہ مبینہ طور پر ثبوت چھپانے کے الزام میں ایک ملزم کے والد کو بھی حراست میں لیا گیا ہے۔ 
بھارتی میڈیا کے مطابق ناگاؤں کے سپرنٹنڈنٹ پولیس (ایس پی) آنند مشرا کا کہنا ہے کہ یہ واقعہ پیر کی شام کو پیش آیا اور لڑکی کی لاش کالیابور ڈویژن میں واقعہ نیجوری کے علاقے میں قائم کرشر مل کے واش روم سے ملی۔ ملزموں نے مقتولہ کے گھر والوں کو اطلاع دی کہ ان کی بیٹی واش روم میں بے ہوش پڑی ہے۔ جس پر اس کے گھر والے وہاں پہنچے اور اسے ہسپتال پہنچایا مگر ڈاکٹرز نے بتایا کہ وہ پہلے ہی دم توڑ چکی ہے۔ 
آنند مشرا کے مطابق لڑکی کے جسم پر تشدد کے نشانات ملے اور تحقیقات کے دوران پولیس نے دو 11 سالہ اور ایک 8 سالہ لڑکے کو قتل میں ملوث ہونے کے شبہ میں گرفتار کیا۔ ایس پی مشرا نے جائے وقوعہ کا دورہ بھی کیا جن کا مزید کہنا ہے کہ بظاہر تینوں لڑکے مقتولہ کو پہلے سے جانتے تھے اور اسے اپنے ساتھ موبائل فون پر فحش فلم دیکھنے کا کہا مگر انکار پر اسے تشدد کا نشانہ جس کے باعث وہ جان سے ہاتھ دھو بیٹھی۔ 
پولیس کے مطابق ایک ملزم کے والد کو بھی مبینہ طور پر ثبوت چھپانے اور پولیس کے ساتھ تعاون نہ کرنے کے الزام میں گرفتار کیا گیا ہے۔ ایس پی آنند مشرا کے مطابق مزید تحقیقات کا سلسلہ جاری ہے جس دوران اگر کسی اور کے ملوث ہونے کے ثبوت ملے تو اسے بھی گرفتار کر لیا جائے گا۔ 

مزیدخبریں