روہنگیا مہاجرین کے کیمپ پر حملہ ، 7 ہلاک متعدد زخمی

روہنگیا مہاجرین کے کیمپ پر حملہ ، 7 ہلاک متعدد زخمی

ڈھاکہ : بنگلہ دیش میں روہنگیا مہاجرین کے کیمپ پر حملے میں 7 افراد جان کی بازی ہار گئے  ۔

غیرملکی میڈیا رپورٹس کے مطابق بنگلہ دیش میں جمعہ کے روز مسلح شخص نے روہنگیا مہاجرین کے کیمپ پر فائرنگ کردی جس سے 7 افراد ہلاک اور متعدد زخمی ہوگئے ہیں ۔

نامعلوم افراد کی طرف سے فائرنگ عین اسوقت کی گئی جب نماز جمعہ کی ادائیگی جاری تھی ۔

خبر ایجنسی کےمطابق واقعہ بنگلادیش اور میانمار کی سرحد پر موجود روہنگیا مسلمانوں کے کیمپ پر پیش آیا ۔پولیس کا کہنا ہےکہ حملہ آور ایک سے زائد تھے جنہوں نے کچھ افراد پر فائرنگ کے ساتھ چاقو سے بھی حملہ کیا۔

یاد رہے کہ  اس سے قبل بھی جمعہ کے روز اسی جگہ روہنگیا مہاجرین کے کیمپ پر حملہ کیا گیا تھا جس میں 4 افراد ہلاک اور دیگر زخمی ہوئے تھے۔

پولیس کا کہنا ہےکہ گزشتہ ہفتے پیش آنے والے واقعے کے بعد فوری طور پر ایک حملہ آور کو گرفتار کیا گیا تھا جس کے قبضے سے اسلحہ، گولیاں اور چاقو بھی برآمد ہوا تھا۔تین ہفتے قبل روہنگیا مہاجرین کے ایک رہنما کو ان کے دفتر کے باہر فائرنگ کرکے قتل بھی کیا گیا ہے۔

روہنگیا مسلمانوں کی طرف سے  قاتلانہ حملے کی سخت مذمت کی جارہی ہے اور انسانی حقوق کی تنظیموں نے اس واقعہ کو افسوسناک قرار دیتےہوئے حملہ آوروں کی جلد گرفتاری کا مطالبہ کیا ہے ۔