ممبئی: نارکوٹیکس کنٹرول بیورو نے دعویٰ کیا ہے کہ بھارتی اداکارہ چنکی پانڈے کی بیٹی انانیا پانڈے آریان خان کے لئے منشیات کا بندوبست کررہی تھیں تاہم انانیا کا کہنا ہے کہ میں تو یہ سب مذاق میں کہہ رہی تھی ۔
بھارتی میڈیا کے مطابق ممبئی کروز شپ منشیات کیس میں بالی وڈ اداکارہ اننیا پانڈے کو گزشتہ صبح پوچھ گچھ کیلئے این سی بی دفتر طلب کیا گیا جہاں ان سے تین گھنٹے پوچھ گچھ کی گئی۔اداکارہ سے تفتیش اور آریان کے خلاف کی جانے والی تحقیقات میں این سی بی افسران نے انانیا سے آریان کے ساتھ ہوئی واٹس ایپ چیٹ پیش کردی ۔
این سی بی نے دعویٰ کیا ہے کہ آریان خان انانیا پانڈے سے گانجا کے بندوبست کرنے کا کہہ رہے تھے۔ اس موقع پر جو چیٹ پیش کی گئی اس سے پتہ چلتا ہے کہ آریان خان انانیا سے کہہ رہے تھے کہ کیا وہ گانجے کا بندوبست کرسکتی ہیں جس پر انانیا نے کہا کہ ہاں میں کرسکتی ہوں ۔
لیکن جب یہ بات این سی بی کے آفیسر نے انانیا پانڈے سے پوچھی تو ان کا کہنا تھا کہ میں تو یہ سب کچھ مذاق میں کررہی تھی میرا تو اس سے کوئی تعلق ہی نہیں ہے ۔
یاد رہے کہ این سی بی نے گذشتہ روز چنکی پانڈے کے گھر پر چھاپہ مار کر ان کی بیٹی انانیاپانڈے کو تفتیش کے لئے طلب کیا تھا جہاں ان سے تین گھنٹے پوچھ گچھ کی گئی ۔
بالی وڈ کنگ شاہ رخ خان کے بیٹے آریان خان کو ممبئی میں کروز پارٹی کے دوران این سی بی اور پولیس کی ٹیم نے منشیات کیس میں گرفتار کیا ہوا ہے جبکہ این سی بی کی طرف سے معاملے کی چھان بین میں کئی لوگوں سے تفتیش کی جارہی ہے ۔