دبئی : پاکستان اور بھارت کے ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ کے میچ بارے ٹیم مینجمنٹ اور کھلاڑیوں کی اہم میٹنگ میں پلاننگ مکمل کرلی گئی ۔ کھلاڑیوں کو 2017 چیمپیئنز ٹرافی کی ویڈیو دکھائی گئی ۔
ذرائع کے مطابق ٹی ٹوئنٹی ورلڈکپ میں پاکستان اور بھارت کے میچ کو اہمیت حاصل ہے اور جیسے جیسے دونوں ٹیموں کے میچ کا دن قریب آرہا ہے دونوں ملکوں میں کرکٹ فیور میں مبتلا افراد کا ناصرف جوش بڑھتا جارہا ہےبلکہ دونوں ٹیمیں ایک دوسرے پر سبقت لے جانے کے لئے پلاننگ بھی کررہی ہیں ۔
ذرائع کے مطابق قومی کرکٹ ٹیم مینجمنٹ اور انتظامیہ نے میچ کے بارے حتمی میٹنگ میں اپنی ٹیم پلاننگ مکمل کرلی ہے ۔ اس میٹنگ میں قومی کرکٹ ٹیم کو سال 2017 میں چیمپیئنز ٹرافی کی فتح کی ویڈیو دکھائی گئی اس موقع پر فاتح ٹیم کے اراکین کے انٹرویوز بھی دکھائے گئے ۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ یہ ملاقات انتہائی خوشگوار ماحول میں ہوئی اور کھلاڑیوں نے بہت غور سے چیمپیئنز ٹرافی کے فائنل کی ویڈیو دیکھی ۔ اجلاس میں بھارت سے میچ کے حوالے سے گفتگو ہوئی اور اس دوران کھلاڑیوں کو پاک بھارت میچ پر چیمپئنز ٹرافی کی مثال دی گئی۔
کھلاڑیوں کو ذہنی طور پر نارمل رہنے اور نیچرل گیم کی ہدایت کی گئی اس موقع پر ٹیم سے کہا گیا کہ میچ کو جیتنے کے لئے کھیلنا ہے اور اس فتح سے ٹیم سمیت پوری قوم کا مورال اپ ہوگا۔
میٹنگ میں بیٹنگ کنسلٹنٹ میتھیو ہیڈن نے کھلاڑیوں سے کہا کہ وہ نارمل رہیں اور اپنی بھرپور قوت کا مظاہرہ کریں۔
کوچ ثقلین مشتاق کا کہنا تھا کہ آپ بھارت کوہرانے کی اہلیت رکھتے ہیں بس ہمیں متحد ہوکر اوراپنا 100 فی صد رزلٹ دینا ہے ۔