لاہور: طالبعلم سے بدفعلی کے مقدمے میں ملوث مفتی عزیز الرحمان کی درخواست ضمانت پر سیشن کورٹ میں سماعت ہوئی۔ عدالت نے آئندہ سماعت پر دونوں فریقین سے مزید دلائل طلب کر لیے۔
مفتی عزیز الرحمان نے ایڈووکیٹ صفدر شاہین پیرزادہ کی وساطت سے درخواست ضمانت بعد از گرفتاری دائر کر رکھی ہے۔ ایڈیشنل سیشن جج محمد نعیم نے کیس پر سماعت کی۔
ملزم کی جانب سے دائر درخواست میں موقف اختیار کیا گیا کہ جان بوجھ کہ اسے کیس میں پھنسایا گیا۔ مدعی مقدمہ نے مدرسے کی سیاست میں استعمال ہو کر جھوٹا مقدمہ درج کرایا۔
درخواست میں کہا گیا ہے کہ سوشل میڈیا پر وائرل ویڈیو کے وقت اور تاریخ کا ایف آئی آر میں ذکر نہیں کیا گیا۔ ایسی ویڈیو چند منٹوں میں تیار کی جا سکتی ہیں۔ درخواستگزار اس قسم کا سنگین جرم کرنے کا سوچ بھی نہیں سکتا۔
عدالت سے درخواست میں استدعا کی گئی کہ ملزم سے تفتیش مکمل ہو چکی ہے، اسے اب جیل میں رکھنے کا کوئی جواز نہیں ہے۔ ملزم ضمانتی مچلکے جمع کرانے کو تیار ہے، عدالت کیس کے حتمی فیصلے تک ضمانت پر رہائی کا حکم دے۔