کوئٹہ: وزیر داخلہ بلوچستان میر ضیاء اللہ لانگو نے کہا ہے کہ بلوچستان میں بہت قربانیوں کے بعد امن آیا ہے اب عوام اور ادارے ایک پیج پر ہیں۔ اپوزیشن جماعتیں عوام اور اداروں کی قربت میں خلل نہ ڈالیں اور اگر کوئٹہ جلسے میں اداروں کےخلاف بات کی گئی تو کارروائی کی جائے گی۔
پریس کانفرنس کرتے ہوئے وزیر داخلہ بلوچستان نے کہا کہ عوام اپوزیشن کی منفی سیاست سے تنگ آ چکے ہیں اور کوئٹہ میں پاکستان ڈیموکریٹک موومنٹ (پی ڈی ایم) کے جلسے میں اتنے لوگ نہیں آئیں گے تاہم گیارہ جماعتیں ہیں کچھ نہ کچھ لوگ تو آئیں گے۔ ضیاء لانگو نے کہا کہ پی ڈی ایم کے جلسے سے حکومت کو کوئی خطرہ نہیں اور حکومتیں اس طرح کے جلسوں سے نہیں گرتیں۔
انہوں نے مزید کہا کہ جلسے جلوس جمہوری عمل ہے اور ہم اس میں کوئی رکاوٹ نہیں ڈالیں گے جبکہ جلسہ میں کسی کی شرکت روکنے کے لیے کنٹینرز نہیں لگائیں گے۔
صوبائی وزیر داخلہ نے کہا کہ بلوچستان دہشتگردی کا شکار رہا ہے اور اب بھی دہشت گردی کے کچھ واقعات ہوئے ہیں اس جلسے کے حوالے سے بھی سیکیورٹی تھریٹ ہے۔
صوبائی وزیر داخلہ نے بتایا کہ پی ڈی ایم کے جلسے کے حوالے سے سیکیورٹی پلان کو کل حتمی شکل دی جائے گی۔ پی ڈی ایم کے جلسے کے تمام راستوں پر واک تھرو گیٹ لگائے جائیں گے جبکہ جلسے میں آنے والے رہنماؤں کو فول پروف سیکیورٹی دی جائے گی۔
وزیر داخلہ نے اپوزیشن جماعتوں کے رہنماؤں سے اپیل کی کہ وہ جلسے میں کورونا وائرس کے حوالے سے ایس او پیز پر عمل درآمد کرائیں۔
واضح رہے کہ حکومت مخالف اپوزیشن اتحاد پاکستان ڈیموکریٹک موومنٹ تیسرا جلسہ 25 اکتوبر کو کوئٹہ میں شیڈول ہے جس سے پی ڈی ایم کی مرکزی قیادت خطاب کرے گی۔