لاہور: اظہر علی قومی ٹیم کی مزید قیادت کریں گے یا نہیں اس بارے میں تاحال کوئی فیصلہ نہیں کیا۔ اس حوالے سے بورڈ میٹنگ کے بعد ہی اعلان کیا جائیگا۔
تفصیلات کے مطابق پاکستان کرکٹ ٹیم کے چیف ایگزیٹو آفیسر وسیم خان نے نجی ٹی وی سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ اظہر علی قومی ٹیسٹ ٹیم کی مزید قیادت کریں گے یا نہیں اس بارے مشاورت کریں گے اور پھر ہی کوئی فیصلہ سنایا جائیگا۔ ان کا کہنا تھا کہ نیوزی لینڈ کیخلاف قومی ٹیسٹ اسکواڈ کا اعلان 11 نومبر کو کیا جائیگا اور چیف سلیکٹر مصباح الحق ٹیم کے اعلان کے ساتھ ہی ٹیسٹ کپتان کا بھی اعلان کریں گے۔ سی ای او وسیم خان نے مزید کہا کہ تاحال ساری ٹیم کی توجہ زمبابوے کیخلاف سیریز پر توجہ دے رہے ہیں۔
خیال رہے کہ پاکستان اور زمبابوے کے درمیان آئی سی سی ورلڈ کپ سپرلیگ کے تحت3ایک روزہ میچز پہلے ملتان میں شیڈول تھے تاہم مقامی انتظامیہ کی جانب سے انتظامات کی مد میں 20 کروڑ روپے طلب کیے جانے سے بورڈ حکام کا دل کھٹا ہوگیا، ’لاجسٹک اور آپریشنل‘ وجوہات کی بنا پر ان مقابلوں کو راولپنڈی منتقل کیا گیا ہے،پہلا میچ 30 اکتوبر، دوسرا یکم اور تیسرا 3 نومبر کو کھیلا جائے گا۔اسی طرح پہلے پنڈی اسٹیڈیم میں شیڈول 3 ٹوئنٹی 20 میچز اب لاہور منتقل کردیے گئے جوقذافی اسٹیڈیم میں بالترتیب 7، 8 اور 10 نومبر کوہوں گے۔