اسلام آباد: قومی ادارہ برائے انسداد دہشتگردی (نیکٹا) نے کوئٹہ اور پشاور کے لیے تھریٹ الرٹ جاری کر دیا ہے۔ نیکٹا کی جانب سے جاری الرٹ کے مطابق کالعدم کالعدم تحریک طالبان پاکستان کوئٹہ اور پشاورمیں دہشتگرد حملوں کی تیاری کر رہی ہے۔ دہشتگرد منصوبے میں ہائی پروفائل سیاسی شخصیت کو قتل کرنے کی منصوبہ بندی کر رہی ہے۔
نیکٹا کی جانب سے جاری الرٹ کے مطابق دہشتگردوں نے بم اور خودکش دھماکوں سے سیاسی اور مذہبی قیادت کو نشانہ بنانے کا منصوبہ بنایا ہے، ان اطلاعات پر 21 اکتوبر کو بلوچستان میں کارروائی کرکےدہشتگردی کا منصوبہ ناکام بنایا گیا۔
بلوچستان کے علاقے قمردین کاریز میں کارروائی کے دوران 8 آئی آئی ڈیز برآمد کی گئیں، یہ بارودی مواد کوئٹہ اور خیبرپختونخوا میں دہشت گردی میں استعمال کیا جانا تھا۔
خیال رہے کہ حکومت مخالف اپوزیشن اتحاد پاکستان ڈیموکریٹک موومنٹ (پی ڈی ایم) کا اگلا جلسہ 25 اکتوبر کو کوئٹہ میں شیڈول ہے جس سے پی ڈی ایم کی مرکزی قیادت خطاب کرے گی۔
واضح رہے کہ فروری میں سینیٹ نے نیشنل کاؤنٹر ٹیررازم اتھارٹی پاکستان کا ترمیمی بل 2019 منظور کر لیا تھا ۔ سینیٹ اجلاس میں حکومتی سینیٹر اعظم سواتی نے بل پیش کیا تھا جسے منظور کر لیا گیا۔ منظور کردہ بل کے مطابق نیکٹا کا بورڈ آف گورنرز ہو گا جس میں وزیر داخلہ، سیکریٹریز دفاع، داخلہ، قانون وانصاف اور خزانہ شامل ہوں گے۔