اسلام آباد: انسٹی ٹیوٹ آف پالیسی ریسرچ کی تازہ ترین رپورٹ میں بتایا گیا ہے کہ بھارتی سوشل میڈیا پر پاکستان کے خلاف زہر آلود پروپیگنڈے میں اضافہ دیکھنے میں آیا ہے۔ ڈیجیٹل میڈیا پر پاکستان کیخلاف بھارتی پروپیگنڈا کی نشاندہی کر دی گئی ہے۔
انسٹی ٹیوٹ آف پالیسی ریسرچ کی رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ عام انتخابات کے بعد پاکستان مخالف پروپیگنڈے میں تیزی آئی۔ اگست 2020ء سے اب تک بھارتی پروپیگنڈے کے 4 بڑے اہداف رہے۔ ان میں سے سب سے مرکزی اور اہم ہدف پاکستان چین اقتصادی راہداری اتھارٹی (سی پیک) کے چیئرمین لیفٹیننٹ جنرل (ر) عاصم سلیم باجوہ رہے۔
بھارتی پروپیگنڈے میں پاک فوج کیخلاف مہم دوسرا بڑا ٹارگٹ جبکہ پاکستان میں انتشار اور بدامنی پھیلانے کیلئے زہر افشانی تیسرا بڑا ہدف نظر آیا۔ اس کے علاوہ مقبوضہ کشمیر پر پروپیگنڈا اور سی پیک کو سبوتاژ کرنے کیلئے ڈیجیٹل میڈیا کا استعمال بھی جاری ہے۔
خیال رہے کہ بھارتی میڈیا نے گزشتہ روز ہرزہ سرائی اور جھوٹ کی تمام حدیں پھلانگتے ہوئے کراچی میں گیس دھماکے کو داروں کے درمیان لڑائی قرار دیدیا تھا۔ پاکستانی صارفین نے سوشل میڈیا پر بھارت کے اس پروپگینڈے کی خوب چھترول کی۔ بھارتی میڈیا کی جانب سے ایسے ایسے افسانے گھڑے گئے کہ خود انڈین شہری بھی حیران رہ گئے۔