ممبئی :پاکستانیوں کی بھابھی اور قومی کرکٹر شعیب ملک کی اہلیہ بھارتی ٹینس سٹار کا دل بھی پاکستانی ڈراموں نے موہ لیا ہے۔
تفصیلات کے مطابق پاکستانی ڈراموں کی دھوم ہمسایہ اور حریف ملک بھارت میں مچی ہوئی ہے اور بھارتی بھی پاکستانی ڈراموں کے شیدائی اور مداح نظر آتے ہیں ۔اس کی تازہ ترین مثال پاکستان کرکٹ ٹیم کے سابق کپتان اور موجودہ آل رائونڈر شعیب ملک کی اہلیہ بھارتی ٹینس سٹار ثانیہ مرزا ہیں۔
پاکستانی ڈراموں کو پسند کرنے والوں میں ثانیہ مرزا بھی شامل ہیں جو آج کل پاکستانی ڈراما سیریل ’’میرا دل میرا دشمن‘‘ دیکھ رہی ہیں۔حال ہی میں ثانیہ مرزا نے اپنی انسٹاگرام سٹوری میں بتایا کہ وہ دن بھر کی تھکاوٹ دور کرنے کے لیے کیا کرتی ہیں۔
انہوں نے ایک تصویر شیئر کی جس میں وہ ہاتھ میں کیمومائل چائے کا کپ پکڑی ہوئی ہیں، انہوں نے سٹوری میں لکھا بیٹے کو سلانے کے بعد کیمو مائل چائے کا کپ اور ’’میرا دل میرا دشمن‘‘۔
واضح رہے کہ پاکستانی نجی چینل پر نشر ہونے والا ڈرامہ سیریل ’’میرا دل میرا دشمن‘‘ حال ہی میں اپنے اختتام کو پہنچا ہے ۔ڈرامے میں علیزے شاہ، یاسر نواز اور نعمان سمیع نے مرکزی کردار ادا کیے تھے اور یہ ڈرامہ پاکستانی شائقین میں کافی مقبول ہوا تھا۔
15 نومبر 1986 کو پیدا ہونے والی ثانیہ مرزا نے 2003 سے ٹینس کیریئر شروع کیا اور 2004 میں انہیں بھارتی حکومت نے ارجنا اعزاز سے نوازا۔
ثانیہ مرزا کے والد عمران مرزا کھیلوں کے صحافی ہیں اور ان کی والدہ کا نام نسیمہ ہے جو ممبئی کی ہیں۔ ثانیہ نے حیدر آباد میں ایک مذہبی خاندان میں پرورش پائی،چھ سال کی عمر میں ٹینس کھیلنا شروع کیا اور 2003 میں باقاعدہ طور پر ٹینس کے میدان میں اتریں۔ انہیں ان کے والد اور دوسرے فیملی کے اراکین نے ٹینس کی ابتدائی تربیت دی۔ انہوں نے سینٹ میری کالج سے گریجوایشن کا امتحان پاس کیا۔
ثانیہ نے جولائی 2009 میں حیدرآباد میں اپنے بچپن کے دوست صہیب مرزا ،جو ایک معروف کاروباری شخصیت ہیںسے منگنی کی ۔یہ منگنی 28 جنوری 2010 کو ختم کر دی گئی اور بعدازاں مشہور و معروف پاکستانی کرکٹ کھلاڑی اور سابق کپتان شعیب ملک سے شادی کرلی جس میں سے ان کا ایک بیٹا ہے جس کا نام اذہان مرزا ملک رکھا گیا ۔