گھوٹکی : صوبہ سندھ کے شہر گھوٹکی کے ایک نوجوان نے اپنے ناراض دوست کو منانے میں ناکامی کے بعد دل برداشتہ ہو کر خود کشی کر لی۔ خود کشی کرنے والے نوجوان کا نام منیر کلوڑ بتایا جا رہا ہے جس کا تعلق ایک گاوں عادل پور سے ہے۔
منیر کلوڑ کی ایک اور نوجون سے گہری دوستی تھی۔ تاہم کچھ دِن قبل یہ نوجوان دوست اس سے کسی بات پر رنجیدہ ہو کر ناراض ہو گیا اور اس سے منہ موڑ لیا۔ منیر کو دوست کی جانب سے ناراضی کا یہ اظہار بہت دکھی کر گیا۔کئی بار اس نے دوست کو منانے کی کوشش کی مگر جب دوست نہ مانا تو اس نے خود کشی کرنے کا فیصلہ کر لیا۔
منیر کلوڑ نے اپنا فیس بک اکاونٹ اوپن کیا اور اپنا ویب کیم بھی آن کیا۔اس کے بعد اس نے اپنے رابطے میں آنے والے لوگوں کو آگاہ کیا کہ وہ دوست کی جانب سے ناراضی ختم نہ کرنے پر موت کو گلے لگانے جا رہا ہے۔ اس کے جاننے والوں نے اسے بہتیرا سمجھایا مگر وہ اپنا ارادہ بدلنے کو تیار نہ ہوا۔لوگوں نے اسے خدا کے واسطے بھی دیئے مگر وہ اپنے ارادے میں اٹل رہا۔ آخر تھوڑی دیر بعد اس نے کیمرے کے سامنے اپنے ہاتھ میں پستول تھاما اور پھر دیکھتے ہی دیکھتے
اپنے سر کی طرف گولی چلا دی۔ لائیو خود کشی کا یہ منظر سینکڑوں لوگوں نے دیکھا۔ذرائع کے مطابق خود کشی کرنے والے نوجوان کا دوست قریبی علاقے جروار کا رہائشی ہے۔ جاں بحق نوجوان کی لاش گھوٹکی ہسپتال منتقل کردی گئی ہے۔جسے پوسٹ مارٹم کے مکمل ہونے کے بعد ورثا کے حوالے کر دیا جائے گا۔