اسلام آباد: احتساب عدالت کے باہر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے بلاول بھٹو زرداری نے کہا کہ یہ حکومت آصف زرداری کو طبی سہولیات سے دور رکھ کر پی پی پی پر دباؤ ڈالنا چاہتی ہے۔ افسوس ہے کہ آصف زرداری کے علاج کے حوالے سے ڈاکٹروں کی بات بھی نہیں مانی جا رہی۔
چیرمین پیپلز پارٹی کا کہنا تھا کہ عمران خان نے خود کہا تھا کہ ہم اپوزیشن کو احتجاج کے لیے کنٹینر اور کھانا دیں گے اور انہیں اپنی بات پر قائم رہنا چاہیے۔ عمران خان صاحب کو سمجھنا چاہیے کہ احتجاج جمہوری حق ہے اور افسوس کی بات ہے کہ حکومت خود اسلام آباد بند کر رہی ہے جبکہ جمہوریت میں ایسا نہیں ہوتا کہ آپ مخالفین کے خلاف کریک ڈاؤن کے لیے عدلیہ اور نیب پر دباؤ میں ڈالیں۔
بلاول بھٹو زرداری نے کہا کہ ہم اس کٹھ پتلی حکومت کا مقابلہ کریں گے اور اسے گھر بھیجیں گے، جمہوریت کی بحالی، معیشت کی درستی اور میڈیاکی آزادی کی راہ میں عمران خان رکاوٹ ہیں، پاکستان کا سب سے بڑا مسئلہ وہ خود ہیں اس لیے استعفی دے کر عوام کی جان چھوڑیں، ان سے استعفیٰ لے کر سارے مسائل حل ہو سکتے ہیں۔