لاہور : الجزیرہ کی جانب سے اسپاٹ فکسنگ اسکینڈل کے حوالے سے تہلکہ خیز دستاویزی فلم میں پاکستانی کھلاڑیوں کے ملوث کے انکشاف کے بعد پاکستان کرکٹ بورڈ نے تحقیقات کے لیے مکمل ڈاکو مینٹری ویڈیو طلب کر لی ہے۔
الجزیرہ کی جانب سے گزشتہ روز ایک ڈاکو مینٹری ویڈیو جاری کی گئی تھی جس میں سال 12-2011 کے دوران 15 انٹرنیشنل میچز میں اسپاٹ فکسنگ کا انکشاف کیا گیا تھا۔دستاویزی فلم میں بتایا گیا کہ 6 ٹیسٹ، 6 ون ڈے اور ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ کے 3 میچز میں اسپاٹ فکسنگ کی گئی جس میں انگلینڈ اور آسٹریلیا سمیت پاکستانی کرکٹرز بھی ملوث تھے۔
اسپاٹ فکسنگ اسکینڈل کے بارے میں جاری دستاویز فلم میں پاکستانی کرکٹر عمر اکمل کے بارے میں بتایا گیا تھا کہ اُنہوں نے دبئی کے ایک ہوٹل میں بھارتی سٹے باز انیل منور کے ساتھیوں سے ملاقات کی۔انیل منور کے ایک ساتھی نے عمر اکمل سے ہاتھ ملایا اور اُن کو ایک بیگ دیا۔
اب یہاں سوال یہ پیدا ہوتا ہے کہ عمر اکمل نے دبئی کے ہوٹل میں بھارتی سٹے باز انیل منور کے ساتھیوں سے بیگ کیوں لیا؟ کیا وہ اس بیگ کو اپنے ساتھ لے کر گئے؟
اس معاملے کی تحقیقات کے لیے پاکستان کرکٹ بورڈ نے الجزیرہ ٹی وی کی مکمل دستاویزی فلم طلب کر لی ہے۔ذرائع پی سی بی کا کہنا ہے کہ تصویر سے کسی کا جرم ثابت نہیں ہوتا، مکمل وڈیو ملنے پر ہی تحقیقات آگے بڑھ سکتی ہیں۔