کراچی :سندھ حکومت نے صوفی شاعر شاہ عبدالطیف بھٹائی کے عرس کے موقع پر 24 اکتوبر بروز بدھ کو صوبے بھر میں عام تعطیل کا اعلان کردیا۔
ہر سال کی طرح اس سال بھی صفر کی 14 تاریخ کو معروف صوفی بزرگ شاہ عبدالطیف بھٹائی کا 275 واں عرس انتہائی عقیدت و احترام سے منایا جائے گا۔اس ضمن میں سندھ حکومت نے صوبے بھر میں تعطیل کا اعلان کردیا ہے اور چیف سیکریٹری نے عام تعطیل کا نوٹیفکیشن جاری کردیا ہے۔نوٹیفکیشن کے مطابق بدھ کو صوبائی محکموں ،خودمختارکارپوریشنز ،بلدیاتی اداروں اورنجی تعلیمی ادارو ں میں بھی چھٹی ہوگی۔
سندھ کے صوفی شاعر حضرت شاہ عبداللطیف بھٹائی کا یہ 275 عرس ہے۔ معروف صوفی بزرگ کا مزار سندھ کے علاقے بھٹ شاہ میں واقع ہے جہاں عرس کے موقع پر تین روزہ تقاریب کا انعقاد کیا جاتا ہے، عرس کی تقریبات کا افتتاح مزار پر چادرچڑھا کر کیاجائے گا۔
عرس میں شرکت کیلئے ملک بھر سے زائرین آتے ہیں جن کی آمد پرسیکیورٹی کے سخت ترین انتظامات کئے جائیں گے۔