آئی ایم ایف یا دوست ممالک سے مالی معاونت کے سوا کوئی چارہ نہیں ، وزیراعظم عمران خان

07:59 PM, 22 Oct, 2018

اسلام آباد: وزیراعظم پاکستان عمران خان نے ایک بار پھر کہا ہے کہ دوست ممالک سے مالی معاونت یا عالمی مالیاتی فنڈ (آئی ایم ایف) سے قرض لیے بغیر کوئی چارہ نہیں۔

سعودی عرب روانگی سے قبل برطانوی نشریاتی ادارے کو اپنے انٹرویو میں وزیراعظم عمران خان نے کہا کہ پاکستانی معیشت کی بہتری کیلئے سعودی عرب سے قرض لینے کے خواہش مند ہیں، ملک کو تاریخ کے سب سے بدترین معاشی بحران کا سامنا ہے، ہمارے پاس دو تین ماہ سے زیادہ کے زرمبادلہ ذخائر نہیں۔


خیال رہے کہ وزیراعظم عمران خان دو روزہ دورے پر سعودی عرب کیلئے روانہ ہو گئے ہیں جہاں وہ "مستقبل کے سرمایہ کاری اقدامات" کے عنوان سے منعقدہ کانفرنس میں شرکت کریں گے۔وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی، وزیر خزانہ اسد عمر، وزیر اطلاعات فواد چوہدری اور وزیراعظم کے مشیر برائے تجارت عبدالرزاق داؤد بھی وزیراعظم کے ہمراہ ہیں۔

ترجمان دفتر خارجہ کے مطابق وزیراعظم کو دورے کی دعوت سعودی فرمانروا شاہ سلمان بن عبد العزیز نے دی تھی۔وزیراعظم 23 اکتوبر سے شروع ہونے والی اس تین روزہ کانفرنس میں پاکستان میں سرمایہ کاری اور معاشی مواقع پر روشنی ڈالیں گے اور اپنے آئندہ 5 سالہ وژن سے دنیا کو آگاہ کریں گے۔

یہاں یہ بات بھی قابلِ ذکر ہے کہ وزیراعظم پاکستان میں سرمایہ کاری کی خواہشمند کاروباری شخصیات سے بھی ملاقات کریں گے۔

مزیدخبریں