ڈیرہ غاز یخان میں خوفناک حادثہ،دو بسوں کے تصادم میں 21 افراد جاں بحق43 سے زائد زخمی

08:46 AM, 22 Oct, 2018

ڈیرہ غاز یخان:ملتان روڈ ڈیرہ غازی خان غازی گھاٹ کے قریب خوفناک حادثہ ،دو بسوں میں تصادم کے نتیجے میں 21 افراد جاں بحق جبکہ 43 سے زائد زخمی ہو گئے۔ٹیچنگ ہسپتال میں ایمرجنسی نافذ کر دی گئی جبکہ زخمیوں میں ایک ہی خاندان کے کئی افراد بھی شامل ہیں۔

ذرائع کے مطابق ڈیرہ غازی خان ملتان روڈ غازی گھاٹ کے قریب ٹریفک کے خوفناک حادثے میں دو مسافر بسیں آپس میں ٹکرا گئیں۔حادثے کے باعث 21 افراد جاں بحق جبکہ 43سے زیادہ زخمی ہو گئے ہیں۔

حادثے میں مرد خواتین سمیت بچے بھی زخمی ہوئے ۔ڈیرہ غازی خان سے ملتان جانیوالی مسافر بس میں ملتان سے آنیوالے افراد سوار تھے جو ڈیرہ غازی خان میں مجلس عزاداری کے بعد واپس گھر جا رہے تھے کہ تھانہ دراہمہ کی حدود میں سامنے سے آنیوالی تیز رفتار مسافر کوچ جو پشاور سے کراچی جا رہی تھی کے ساتھ ٹکرا گئی اور دونوں بسیں روڈ سے نیچے جا گریں۔

ریسکیو اور مقامی افراد نے موقع پر پہنچ کر زخمیوں اور جاں بحق افراد کو ڈسٹرکٹ اینڈ ٹیچنگ ہسپتال منتقل کیا۔اس موقع پر المناک مناظر دیکھنے میں آئے ،زخمیوں اور جاں بحق افراد کے لواحقین ہسپتال پہنچ گئے۔کمشنر،ڈپٹی کمشنر اور ڈی پی او بھی ہسپتال پہنچ گئے۔

ہسپتال انتظامیہ کی جانب سے زخمیوں کے لیے خون کے اعلانات کے بعد شہریوں کی بڑی تعداد خون کا عطیہ دینے ہسپتال پہنچ گئی۔ضلع چیئرمین کے علاوہ خون دینے کے خواہشمند شہریوں کی بڑی تعداد ہسپتال پہنچی۔ضلعی انتظامیہ کی جانب سے حادثے میں جابحق افراد کی میتیں پہنچانے کے لیے ایمبولینس بھی مہیا کی گئی۔

جابحق ہونے والے زیادہ افراد کا تعلق ملتان اور مظفر گڑھ سے تھا۔وزیراعظم عمران خان نے واقعے پر دکھ کا اظہار کرتے ہوئے زخمیوں کو ہرممکن امداد کی فراہمی یقینی بنانے کی ہدایت کی۔اپنے بیان میں وزیراعظم نے حادثے میں جاں بحق افراد کے لواحقین سے اظہار ہمدردی کیا جبکہ زخمیوں کی جلد صحت یابی کیلئے دعا بھی کی۔


وزیراعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدار نے واقعہ کا نوٹس لیتے ہوئے کمشنر کو ہدایت کی کہ زخمیوں کو سرکاری خرچ پر بہتر علاج فراہم کیاجائے۔ وزیراعلیٰ پنجاب کا کہنا تھا کہ دلخراش حادثے میں جانی نقصان پر افسوس ہے اور وہ لواحقین سے اظہار ہمدری اور تعزیت کرتے ہیں۔

مزیدخبریں