سعودی عرب،موبائل فون میں بیلنس ڈلوانے کیلئے اقامہ نمبر کی شرط ختم

12:57 PM, 22 Oct, 2017

ریاض: سعو دی عرب سے پاکستانیوں کے لیے خوشخبری،سعودی عرب میں موبائل فون کی پری پیڈ سم میں بیلنس ڈالنے کیلئے اقامہ نمبر کی شرط ختم کردی گئی،فیصلے پر عملدرآمد 26 صفر سے ہوگا۔سعودی ذرائع ابلاغ کے مطابق اس سلسلے میں کمیونیکیشن اور انفارمیشن ٹیکنالوجی بورڈ نے تمام موبائل کمپنیوں کو ہدایت جاری کردی ہے۔

بورڈ نے اعلامیہ جاری کرتے ہوئے کہا ہے کہ تمام موبائل صارفین کو بیلنس ڈالنے کیلئے ملک میں مقیم غیر ملکیوں کو اقامہ نمبر اور شہریوں کو سعودی شناختی کارڈ کا نمبر ڈالنے کی ضرورت نہیں ہوگی۔فیصلے پر عملدرآمد 26 صفر سے ہوگا۔

واضح رہے کہ کمیونیکیشن اور انفارمیشن ٹیکنالوجی بورڈ نے قبل ازیں فیصلہ کیا تھا کہ پری پیڈ سم میں بیلنس ڈالنے یا کسی دوسرے کے موبائل میں بیلنس ٹرانسفر کرنے کیلئے اقامہ یا شناختی کارڈ نمبر ڈالنا ضروری ہوگا۔بعدازیں تمام موبائل سموں کو فنگر پرنٹ سے مربوط کردیا گیا تھا۔ اب جبکہ تمام موبائل سمیں فنگر پرنٹ سے جوڑ دی گئی ہیں تو بیلنس ڈالنے کیلئے اقامہ یا شناختی کارڈ نمبر کی ضرورت باقی نہیں رہی۔

مزیدخبریں