اسلام آباد: نیشنل ہائی وے اینڈ موٹروے پولیس کاکہنا ہےکہ 24 نومبر کے غیر قانونی احتجاج کے حوالے سے مصدقہ اطلاعات موصول ہوئی ہیں کہ مشتعل مظاہرین امن وامان کی صورتحال کو خراب کرنے اور نجی وسرکاری املاک کو نقصان پہنچانے کا منصوبہ بناچکے ہیں۔ رپورٹ کے مطابق انٹیلی اطلاعات ہیں کہ مظاہرین ڈنڈوں اورغلیلوں سے لیس ہوکر آرہے ہیں۔ نیشنل ہائی وے اینڈ موٹروے پولیس کے مطابق عوام کے جان ومال کا تحفظ ریاست کی ذمہ داری ہے۔ رپورٹ کے مطابق کسی ناگہانی صورتحال سے بچنے اور عوام کی جان ومال کی حفاظت کو ملحوظ خاطر رکھتےہوئے موٹر ویز کو مختلف مقامات سے بند کردیاگیا ہے۔ ترجمان نیشنل ہائی وے اینڈ موٹر وے پولیس کے مطابق عوام کے جان ومال کے تحفظ کو ہرصورت یقینی بنایاجائے گااور قانون ہاتھ میں لینے والوں سے سختی سے نمٹا جائے گا۔