ہر شخص کو جلسہ کرنے کا حق ہے، مگر قانون ہاتھ میں لینے کی اجازت نہیں دی جائے گی:مریم نواز

09:57 PM, 22 Nov, 2024

تونسہ:وزیر اعلیٰ پنجاب مریم نواز نے تونسہ شریف میں ایک تقریب کے دوران کہا کہ موجودہ حالات میں سوال یہ ہے کہ ہم اپنے دشمنوں سے بچیں یا پھر اپنے لوگوں سے؟ انہوں نے کہا کہ پنجاب پولیس پر جو حملے ہو رہے ہیں، وہ خیبر پختونخوا حکومت کی طرف سے ہیں، جو صوبوں کے درمیان ہم آہنگی کے اصولوں کے خلاف ہیں۔

مریم نواز نے سابق وزیراعظم پر تنقید کرتے ہوئے کہا کہ پہلے وہ یہ دعویٰ کرتے تھے کہ امریکہ نے انہیں نکالا، لیکن اب ان کے جلسوں میں امریکی جھنڈے دکھائی دیتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ انہیں کسی دوسرے ملک نے نہیں، بلکہ پاکستان کی پارلیمنٹ نے آئینی طریقے سے عہدے سے ہٹایا تھا۔

انہوں نے مزید کہا کہ ہر شخص کو جلسہ کرنے کا حق ہے، مگر قانون ہاتھ میں لینے کی اجازت نہیں دی جائے گی۔ مریم نواز نے اس بات کا بھی یقین دلایا کہ وزیر اعظم شہباز شریف ملک کی حفاظت کرنا جانتے ہیں اور وہ پنجاب کے عوام کو موجودہ مسائل سے بچانے کے لیے پوری طرح پرعزم ہیں۔
 

مزیدخبریں