اسلام آباد: نائب وزیراعظم اور وزیر خارجہ اسحاق ڈار نے کہا ہے کہ ملک کی اقتصادی ترقی اور روزگار کے مواقع پیدا کرنے کے لیے ملکی مارکیٹوں میں مضبوط مسابقتی فریم ورک کی موجودگی ضروری ہے۔
انہوں نے مسابقتی کمیشن کے چیئرمین ڈاکٹر کبیر سدھو سے ملاقات کے دوران کمیشن کی کوششوں کو سراہا، خاص طور پر مارکیٹ میں گٹھ جوڑ اور قیمتوں میں ہیرا پھیری کی روک تھام کے حوالے سے۔
اسحاق ڈار نے ہدایت کی کہ صارفین کو نقصان پہنچانے والے کاروباری گروپوں کے خلاف کارروائیوں کو تیز کیا جائے۔
ڈاکٹر کبیر سدھو نے بتایا کہ کمیشن نے جدید ڈیٹا اور مارکیٹ انٹیلیجنس یونٹ کے ذریعے 150 سے زیادہ کیسز کی نشان دہی کی ہے، اور پچھلے 12 مہینوں میں 69 مقدمات کے فیصلے کیے ہیں جس سے 10 کروڑ روپے کے جرمانے وصول ہوئے ہیں۔
اسحاق ڈار نے کمیشن کی مزید حمایت کا یقین دلایا اور مارکیٹ میں مقابلے کی فضا قائم کرنے کے لیے حکومت کی جانب سے مسلسل تعاون کا وعدہ کیا۔