تونسہ: وزیراعظم شہباز شریف نے کچھی کینال کی بحالی مکمل ہونے پر چیئرمین واپڈا اور وفاقی وزیر احسن اقبال کو خراج تحسین پیش کیا۔
تونسہ میں بحالی کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے وزیراعظم نے کہا کہ جنرل (ر) پرویز مشرف کے دور میں منصوبے کو بغیر کسی ٹینڈر کے ٹھیکے داروں کے حوالے کر دیا گیا تھا، جس سے قوم کا پیسہ ضائع ہوا۔ مسلم لیگ (ن) کی حکومت نے 2018 میں اس منصوبے کو مکمل کیا، لیکن 2022 کے سیلاب نے اس کینال کو مزید نقصان پہنچایا۔
انہوں نے کہا کہ بحالی کا پہلا مرحلہ مکمل ہو چکا ہے، جبکہ دوسرا مرحلہ ایک بڑا چیلنج ہے۔ اس منصوبے کا مقصد ڈیرہ بگٹی اور دیگر علاقوں کی بنجر زمینوں کو زرخیز بنانا اور پانی کی ضروریات کو پورا کرنا ہے۔ وزیراعظم نے یقین دلایا کہ حکومت عوامی فلاح کے اس منصوبے کو ہر حال میں مکمل کرے گی۔