بچپن میں گلوکاری نہ کرنے کی قسم لی گئی تھی، فائزہ گیلانی کا انکشاف

بچپن میں گلوکاری نہ کرنے کی قسم لی گئی تھی، فائزہ گیلانی کا انکشاف

لاہور: سینئر اداکارہ فائزہ گیلانی نے بتایا ہے کہ بچپن میں ان کے اہل خانہ نے انہیں گلوکاری چھوڑنے کی قسم دلائی تھی۔ فائزہ گیلانی نے حال ہی میں ایک نجی ٹی وی کے پروگرام میں شرکت کی، جہاں انہوں نے اپنے ذاتی تجربات اور شوبز کی دنیا سے متعلق مختلف باتیں شیئر کیں۔

پروگرام کے دوران فائزہ گیلانی نے یک طرفہ محبت پر بھی اپنی رائے دی۔ ان کا کہنا تھا کہ ان کے مطابق یک طرفہ محبت زیادہ مضبوط ہوتی ہے، لیکن جب دونوں طرف سے محبت ہو جائے تو وہ کمزور پڑ جاتی ہے۔ انہوں نے وضاحت دیتے ہوئے کہا کہ یک طرفہ محبت میں انسان دوسرے کی تمام خامیاں نظر انداز کرتا ہے، لیکن جب محبت مل جاتی ہے تو وہ خامیاں بھی سامنے آنا شروع ہو جاتی ہیں، جس سے محبت میں کمزوری آتی ہے۔

ایک سوال کے جواب میں فائزہ گیلانی نے بتایا کہ انہوں نے صرف 4 سال کی عمر میں اداکاری کا آغاز کیا تھا اور ان کا کیریئر پاکستان ٹیلی وژن (پی ٹی وی) سے بطور چائلڈ آرٹسٹ شروع ہوا۔ ان کے مطابق، انہوں نے پہلی بار ایک دستاویزی فلم میں کام کیا، جس کے بعد وہ پی ٹی وی کے بچوں کے پروگرامز کا حصہ بن گئیں۔

شوبز کی دنیا میں بطور خاتون درپیش مشکلات پر بات کرتے ہوئے فائزہ گیلانی نے کہا کہ ہر خاتون کی طرح انہیں بھی مختلف چیلنجز کا سامنا کرنا پڑا، لیکن انہوں نے ہمیشہ آگے بڑھنے کی کوشش کی۔ اداکارہ نے بتایا کہ جب انہوں نے شوبز میں قدم رکھا تو اس وقت خواتین یا بچیوں کے لیے یہ شعبہ معیوب سمجھا جاتا تھا۔ 

فائزہ گیلانی نے مزید کہا کہ جب انہوں نے پی ٹی وی کے ایک پروگرام میں گلوکاری کی تو اس پر بہت ہنگامہ مچ گیا اور ان کے اہل خانہ نے ان سے یہ قسم لی کہ وہ دوبارہ گلوکاری نہیں کریں گی۔ انہوں نے بتایا کہ اس وقت انہوں نے اپنی آنٹی کے کہنے پر گلوکاری نہ کرنے کی قسم کھائی، مگر کچھ عرصے بعد انہوں نے اپنی آنٹی سے وہ قسم واپس لے لی اور پھر ہر کام کرنے لگیں۔

مصنف کے بارے میں