بھارتی  سب میرین گوا کے ساحل سے 70 میل دور ماہی گیر کشتی "مارتھوما" سے ٹکرا گئی

بھارتی  سب میرین گوا کے ساحل سے 70 میل دور ماہی گیر کشتی

نئی دہلی: بھارتی بحریہ کی سب میرین گوا کے ساحل سے 70 میل دور ماہی گیر کشتی "مارتھوما" سے ٹکرا گئی۔

میڈیا رپورٹس کے مطابق، کشتی پر 13 ماہی گیر سوار تھے، جن میں سے 11 کو تلاش کر لیا گیا ہے، لیکن ان کے زندہ یا مردہ ہونے کی اطلاعات ابھی تک نہیں دی گئیں۔ دو ماہی گیر ابھی بھی لاپتہ ہیں اور ان کی تلاش کا عمل جاری ہے۔ بھارتی بحریہ اور کوسٹ گارڈ کی ٹیمیں سرچ اور ریسکیو آپریشن میں مصروف ہیں۔

حکام نے بتایا کہ حادثے کے بعد وسیع پیمانے پر تلاش اور بچاؤ کا آپریشن شروع کیا گیا ہے، جس میں چھ بحری جہاز اور ہوائی جہاز شامل کیے گئے ہیں۔ وزارت دفاع کے ایک سرکاری بیان میں کہا گیا کہ "مارتھوما" کشتی بھارتی بحریہ کی سکارپین کلاس آبدوز سے ٹکرا گئی، جو گوا کے ساحل سے 70 ناٹیکل میل دور واقع تھی۔

سکارپین کلاس آبدوزیں بحر ہند میں بھارت کی بحری طاقت کا اہم حصہ ہیں اور یہ متعدد مشن انجام دے سکتی ہیں، جیسے اینٹی سرفیس وارفیئر، اینٹی سب میرین وارفیئر، انٹیلی جنس اکٹھا کرنا، بارودی سرنگیں بچھانا، اور علاقے کی نگرانی کرنا۔