بیجنگ:چین کی مختلف کمپنیاں اپنے ملازمین کو خوش رکھنے کے لیے اکثر منفرد اقدامات کرتی رہتی ہیں۔ حال ہی میں چین کے شہر شین زین میں ایک کمپنی نے اپنے غیر شادی شدہ ملازمین کو ڈیٹنگ کے لیے بونس دینے کا فیصلہ کیا ہے۔
چینی میڈیا کی رپورٹ کے مطابق، چینی کمپنی "انسٹا 360" نے اپنے تمام غیر شادی شدہ ملازمین کو کمپنی کے آن لائن ڈیٹنگ پلیٹ فارم پر کسی غیر ملازم شخص سے تعارف کرانے پر 66 یوآن انعام دینے کا اعلان کیا ہے۔ اس کے علاوہ، جو ملازمین اپنے لیے ڈیٹنگ پارٹنر تلاش کریں گے اور تین ماہ تک اپنے رشتہ کو برقرار رکھنے میں کامیاب رہیں گے، انہیں اور ان کے پارٹنر کو ایک ہزار یوآن کا انعام دیا جائے گا، جبکہ وہ ملازمین بھی انعام کے حق دار ہوں گے جنہوں نے ان کو متعارف کروایا ہوگا۔
رپورٹ کے مطابق، 11 نومبر تک کمپنی کے ڈیٹنگ پلیٹ فارم پر تقریباً 500 پوسٹس شیئر کی جا چکی ہیں اور اس پر پوسٹس کرنے والوں میں 10 ہزار یوآن کے انعامات تقسیم کیے جا چکے ہیں۔
یہ اقدام اس وقت سامنے آیا ہے جب چین میں شادیوں اور پیدائش کی شرح میں واضح کمی ریکارڈ کی گئی ہے، اور مختلف کمپنیاں اس مسئلے کو حل کرنے کے لیے غیر روایتی طریقے اپنا رہی ہیں۔