وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز نے پنجاب میں 3 مرلہ پلاٹ سکیم کے اجراء کی اصولی منظوری دے دی

03:44 PM, 22 Nov, 2024

نیوویب ڈیسک

لاہور: وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز نے پنجاب میں 3 مرلہ پلاٹ سکیم کے اجراء کی منظوری دے دی۔ اس کے تحت چشتیاں میں 666 پلاٹ دیے جائیں گے، جس سے 3 مرلہ پلاٹ سکیم کا آغاز ہوگا۔

مریم نواز کی زیر صدارت ہونے والے ایک خصوصی اجلاس میں "اپنی چھت، اپنا گھر" سکیم پر پیش رفت کا جائزہ لیا گیا۔ اجلاس میں بتایا گیا کہ اس سکیم کے تحت پنجاب میں 927 درخواست دہندگان کو قرض کی پہلی قسط کی ادائیگی مکمل کر دی گئی ہے۔ وزیراعلیٰ پنجاب نے ہدایت کی کہ دوسری قسط کی ادائیگی جلد از جلد مکمل کی جائے۔ انہوں نے مزید کہا کہ "اپنی چھت، اپنا گھر" کے تحت 800 سے زائد گھر تکمیل کے آخری مراحل میں ہیں۔

اجلاس میں یہ بھی بتایا گیا کہ 50 ہزار درخواست دہندگان کا ڈیٹا تصدیق کے لیے اخوت کو منتقل کیا گیا تھا، جس میں سے 38 ہزار کی تصدیق مکمل ہوچکی ہے۔ اس کے علاوہ 20,900 درخواست دہندگان نے ضروری دستاویزات جمع کرادی ہیں اور "اپنی چھت، اپنا گھر" پورٹل پر گھروں کے لیے تین لاکھ سے زائد درخواستیں موصول ہوچکی ہیں۔ وزیراعلیٰ نے کہا کہ جون 2025 تک 47 ہزار گھروں کی تعمیر اور دسمبر 2025 تک ایک لاکھ گھروں کی تکمیل کا ٹارگٹ مکمل کیا جائے گا۔

اجلاس میں یہ بھی فیصلہ کیا گیا کہ "اپنی چھت، اپنا گھر" پراجیکٹ کے تحت مکمل ہونے والے پہلے پانچ گھروں کو فرنیچر اور دیگر سامان کا تحفہ دیا جائے گا۔

وزیراعلیٰ مریم نواز نے منصوبے کی رفتار تیز کرنے کی ہدایت دیتے ہوئے کہا کہ "اپنی چھت ہر عام آدمی کا خواب ہے اور ہم اپنے وعدے ضرور پورا کریں گے۔"

مزیدخبریں