لاہور :لاہور ہائیکورٹ نے سردیوں کی چھٹیوں کے بعد تمام سکولوں کو بچوں کے پک اینڈ ڈراپ کیلئے ٹرانسپورٹ فراہم کرنے کا حکم دے دیا ہے۔ جسٹس شاہد کریم نے سموگ کے تدارک کے لیے شہری ہارون فاروق اور دیگر کی درخواستوں پر سماعت کی۔
دوران سماعت عدالت نے کہا کہ سکولوں کو یہ حکم دیا گیا ہے کہ بچوں کو سکول لانے اور لے جانے کے لیے سکول انتظامیہ ٹرانسپورٹ فراہم کرے۔ جو سکول اس حکم پر عمل نہیں کرے گا، اسے سیل کر دیا جائے گا۔ مزید برآں، عدالت نے کہا کہ کوئی سکول والدین کو یہ نہ کہے کہ وہ بچوں کی ذمہ داری نہیں لیتا۔
لاہور ہائیکورٹ نے محکمہ ٹرانسپورٹ کو ہدایت دی کہ وہ گاڑیوں کی فٹنس سے متعلق پندرہ دنوں میں ایک نئی پالیسی تیار کرے اور ہر تین ماہ بعد گاڑیوں کی انسپکشن کرے۔ عدالت نے یہ بھی کہا کہ محکمہ ٹرانسپورٹ کے پاس تمام پبلک اور پرائیویٹ بسوں کا ڈیٹا ہونا چاہیے۔
اس کے علاوہ، عدالت نے تین سالہ بچی امل سکھیرا کو گاڑیوں کی فٹنس چیک کرنے والی موبائل یونٹس کا افتتاح کرنے کی ہدایت کی، اور اس کیس کی مزید سماعت منگل کے روز تک ملتوی کر دی۔