علی امین گنڈا پور تھانہ آئی نائن میں درج مقدمے میں اشتہاری قرار

11:13 AM, 22 Nov, 2024

نیوویب ڈیسک

اسلام آباد : اسلام آباد کی انسداد دہشتگردی عدالت نے وزیر اعلیٰ خیبرپختونخوا علی امین گنڈا پور کو تھانہ آئی نائن میں درج دہشتگردی کے مقدمے میں اشتہاری قرار دے دیا۔

عدالت کے جج طاہر عباس سپرا نے تحریری حکم نامہ جاری کیا جس میں کہا گیا کہ علی امین گنڈا پور کو اشتہاری قرار دینے کے بعد کیس کو دیگر ملزمان سے الگ کر دیا گیا۔

فیصلے میں پانچ دیگر ملزمان ، راجا راشد حفیظ، واثق قیوم، راجا خرم نواز، فیصل جاوید، اور عمر تنویر کے ناقابل ضمانت وارنٹ گرفتاری جاری کیے گئے ہیں۔ ان تمام غیر حاضر ملزمان کے وکلا کی حاضری سے استثنیٰ کی درخواست بھی مسترد کر دی گئی، اور ان کے ضمانتی مچلکے منسوخ کر دیے گئے۔

پی ٹی آئی کے رہنماؤں علی امین گنڈا پور، فیصل جاوید، راجہ خرم نواز، اور واثق قیوم کے خلاف اسلام آباد کے تھانہ آئی نائن میں دہشتگردی کی دفعات کے تحت مقدمہ درج ہے۔ کیس کی مزید سماعت 28 نومبر کو ہو گی۔

مزیدخبریں