لاہور : محکمہ موسمیات نے ملک کے مختلف حصوں میں موسم کے حوالے سے پیشگوئی جاری کی ہے، جس میں کہا گیا ہے کہ ملک کے بیشتر علاقے خشک اور سرد رہیں گے، تاہم چند علاقوں میں گرج چمک کے ساتھ بارش اور برفباری کی توقع ہے۔
گلگت بلتستان اور بالائی خیبر پختونخوا میں مطلع ابر آلود رہے گا اور تیز ہواؤں کے ساتھ گرج چمک کی بارش اور پہاڑوں پر برفباری کا امکان ہے۔ چترال، دیر، سوات، مالاکنڈ اور کوہستان میں بھی گرج چمک کے ساتھ بارش اور برفباری کی پیشگوئی کی گئی ہے۔
پنجاب کے میدانی علاقوں میں صبح اور رات کے اوقات میں سموگ اور دُھند میں اضافے کا امکان ہے، خاص طور پر سیالکوٹ، نارووال، گوجرانوالہ، لاہور، فیصل آباد، ملتان اور دیگر علاقوں میں سموگ کی شدت بڑھ سکتی ہے۔
اسلام آباد اور گرد و نواح میں موسم خشک رہے گا، مگر صبح اور رات کے اوقات میں سردی محسوس ہوگی۔ بلوچستان کے بیشتر اضلاع میں بھی موسم خشک اور سرد رہنے کا امکان ہے، جبکہ پہاڑی علاقوں میں سردی کی شدت بڑھنے کی توقع ہے۔
سندھ کے بیشتر اضلاع میں بھی موسم خشک رہے گا، تاہم صبح کے اوقات میں کشمور، سکھر، ٹنڈو جام اور گرد و نواح میں سموگ یا دُھند کی موجودگی کی توقع ہے۔ کشمیر میں موسم سرد اور خشک رہے گا، جبکہ گلگت بلتستان میں ابر آلود موسم اور گرج چمک کے ساتھ بارش اور پہاڑوں پر برفباری کا امکان ہے۔