ناروے میں امام الحق کی شادی کی تقریبات کا آغاز، مہندی کی تصاویر سامنے آ گئیں

27 سالہ قومی کرکٹر رواں ہفتے کے آخر میں اپنی منگیتر انمول محمود کے ساتھ شادی کے بندھن میں بندھنے والے ہیں۔

11:01 AM, 22 Nov, 2023

نیوویب ڈیسک

لاہور:  قومی کھلاڑی امام الحق ورلڈ کپ 2023 کی مہم سے واپسی کے بعد آنے والے ہفتے کے آخر میں  انمول محمود کے ساتھ شادی کے بندھن میں بندھنے کے لیے تیار ہیں۔

27 سالہ پاکستانی کرکٹر امام الحق کی شادی کی تقریبات کا آغاز ناروے میں مہندی کی تقریب سے ہوا۔

سماجی رابطے کی ویب سائٹ انسٹا گرام پر معروف ڈیزائنرحسن شہریار یاسین (ایچ ایس وائی)  نے اپنے انسٹا گرام پیج پر  امام الحق کی ہونے والی دلہن انمول محمود کی تصاویر 'امام کی انمول' کے کیپشن کے ساتھ شیئر کیں جس میں کرکٹر اور ان کی ہونے والی بیوی کو ٹیگ کیا گیا۔ 

امام الحق کی ہونے والی اہلیہ کی مہندی کی تصاویر فوٹوگرافر عزہ شاہین ملک نے بھی انسٹاگرام کی اسٹوری پر شیئر کیں۔ جس میں انہوں نے لوکیشن ناروے بھی لکھی تھی۔ 

انمول محمود  نے ناروے میں کی گئی مہندی میں گہرے سرخ اور مدھم سونے کا گھرارا اور قمیض پہنی ہوئی تھی، جس میں چٹکی بھر نارنجی اور جامنی رنگ بھی تھے۔

اسکینڈینیوین ملک کے کسی دلکش مقام کی تصاویر اور ویڈیوز کو انمول نے اپنے آفیشل انسٹاگرام اکاؤنٹ پر بھی شیئر کیا۔

ناروے میں مہندی کے بعد شادی کی تقریبات باضابطہ طور پر 23 نومبر کو لاہور میں ہوں گی۔ نکاح کی تقریب 25 نومبر بروز ہفتہ اور ولیمہ کی تقریب 26 نومبر کو ہوگی۔

رپورٹس کے مطابق  تقریبات کا آغاز 23 نومبر کو قوالی نائٹ سے ہوگا، جبکہ پرفارم کرنے والے گروپ کا نام ابھی تک خفیہ ہے۔ توقع ہے کہ بائیں ہاتھ کے بلے باز اپنے بڑے دن کے لیے پرنس کوٹ پہنیں گے۔

اطلاعات کے مطابق، بابر اعظم، محمد رضوان، فخر زمان، شاداب خان، اور قومی ٹیم کے دیگر سمیت کرکٹ کے ستاروں کے اس خوشی کے موقع پر شرکت کرنے کی امید ہے۔ دعوت نامے سابق کھلاڑیوں اور انتظامی اہلکاروں کو بھی دیے جائیں گے۔

توقع ہے کہ امام ابتدائی طور پر آسٹریلیا کے ٹیسٹ ٹور کے کیمپ میں حصہ نہیں لیں گے اور بعد میں جوائن کریں گے۔ کیمپ 28 نومبر تک پنڈی کرکٹ سٹیڈیم میں چلے گا اور قومی  ٹیم 30 نومبر کو لاہور سے روانہ ہوگی۔

مزیدخبریں