پشاور: خیبرپختونخوا کے ضلع جنوبی وزیرستان میں امن دشمنوں کے ساتھ لڑتے ہوئے ایک اور جوان وطن پر قربان ہو گیا، شہید حوالدارعمر حیات کا تعلق لاچی کوہاٹ سے تھا۔
پاک فوج کے تعلقات عا مہ کے شعبہ (آئی ایس پی آر) کی جانب سے جاری کردہ بیان کے مطابق خیبرپختونخوا کے ضلع جنوبی وزیرستان کے علاقہ سراروغہ میں سکیورٹی فورسز اور دہشت گردوں کے درمیان فائرنگ کا تبادلہ ہوا۔
اس دوران سکیورٹی فورسز کی طرف سے دہشت گردوں کے ٹھکانے کو کامیابی سے نشانہ بنایا گیا جبکہ شدید فائرنگ کے تبادلے کے دوران حوالدار عمر حیات بہادری سے لڑتے ہوئے شہید ہو گیا۔ شہید حوالدارعمر حیات کی عمر 39 سال ہے جبکہ تعلق لاچی کوہاٹ سے تھا۔
انٹرسروسز پبلک ریلیشنز (آئی ایس پی آر) کے مطابق علاقے میں ممکنہ دہشت گردوں کے خاتمے کیلئے آپریشن جاری ہے، پاک فوج دہشت گردی کے مکمل خاتمے کیلئے پرعزم ہے، ہمارے جوانوں کی قربانیاں ہمارے عزم کومزید مضبوط کرتی ہیں۔