اسلام آباد: وفاقی وزیر دفاع خواجہ آصف نے کہا ہے کہ آرمی چیف کی تعیناتی کا معاملہ 48 گھنٹوں میں کسی نہ کسی نتیجے پر پہنچ جائے گا اور پاکستان ڈیموکریٹک موومنٹ (پی ڈی ایم) میں اس معاملے پر اتفاق ہے۔
تفصیلات کے مطابق خواجہ آصف نے کہا کہ آرمی چیف کی تعیناتی کیلئے نام آئیں گے اس کے بعد حتمی فیصلہ ہو گا، پاکستان ڈیموکریٹک موومنٹ (پی ڈی ایم) میں آرمی چیف کی تعیناتی کے معاملے پر اتفاق ہے اور مشاورت سے ایک نام چن لیا جائے گا۔
ان کا کہنا تھا کہ مولانا فضل الرحمن اور متحدہ قومی موومنٹ (ایم کیو ایم) سمیت دیگر سے بھی مشاورت ہو گی جبکہ زرداری شہباز ملاقات میں بھی تعیناتی کا ایشو ضرور زیر بحث آیا ہو گا، وفاقی کابینہ کا اجلاس جمعرات کو اسی لئے بلایا گیا ہے تاکہ مشاورت کی جا سکے۔
وفاقی وزیر دفاع خواجہ آصف نے کہا کہ ہم نے پہلے سے نام نہیں سوچا ہوا جبکہ سیکرٹری دفاع کو بھی نہیں ہٹایا جا رہا، سیکرٹری دفاع اداروں کے درمیان پل کا کردار ادا کرتے رہیں گے۔