لاہور: پاکستان تحریک انصاف کے سینئر رہنما فواد چوہدری نے کہا ہے کہ کلب کرکٹ ٹیم کا کپتان اس طرح تبدیل نہیں ہوتا جیسے آرمی چیف کی تعیناتی کا فیصلہ کیا جا رہا، چوروں نے آرمی چیف کی تعیناتی کو متنازعہ بنایا ہوا ہے، یہ معاملہ جلد حل ہونا چاہئے۔
تفصیلات کے مطابق صوبائی دارالحکومت لاہور میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے فواد چوہدری کا کہنا تھا کہ آرمی چیف کی تعیناتی میں ہمارا کوئی فیورٹ نہیں اور نہ ہی ہم اس معاملے کو متنازعہ بنارہے ہیں بلکہ ان چوروں نے یہ معاملہ متنازعہ بنایا ہوا ہے، اس طرح کرکٹ کلب کی ٹیم کا کپتان تبدیل نہیں ہوتا، جس طرح آرمی چیف کا فیصلہ کیا جارہا ہے۔
فواد چوہدری نے کہا کہ اس وقت پاکستان میں وزارت کا ہی نہیں پتہ کون ہے، حد یہ ہے کہ وزیراعظم شہباز شریف کو کوئی باہر سے کھڑا ہو کر آواز دیتا ہے تو دورے پر چلے جاتے ہیں۔آرمی چیف کی تعیناتی کا معاملہ جلد سے جلد حل ہونا چاہیے کیونکہ پاکستان کے معاشی حالات خراب ہیں اور ملک ڈیفالٹ ہونے کی طرف جا رہا ہے۔
انہوں نے کہا کہ ملک میں عمران خان کی وجہ سے آج مارشل لا نہیں جبکہ نواز شریف اور زرداری کی پوری کوشش ہے کہ جمہوری حکومت کا خاتمہ ہوجائے، تعیناتی کے اس معاملے پر ہم چاہتے ہیں کہ اہم مسئلہ غیر متنازع طریقے سے حل ہو جائے۔
کلب کرکٹ کا کپتان اس طرح تبدیل نہیں ہوتا جیسے آرمی چیف کی تعیناتی کا فیصلہ ہو رہا ہے: فواد چوہدری
06:48 PM, 22 Nov, 2022