اسلام آباد: سابق وزیر اعظم اور مسلم لیگ ن کے سینئر رہنما شاہد خاقان عباسی نے کہا ہے کہ 27 کے بعد سمری نہیں آسکتی۔ سمری کا نہ آنا بہت بڑی ناکامی اور آئین کی خلاف ورزی ہے۔ وزیراعظم صاحب اس کا ازخود نوٹس لے سکتے ہیں مگر وہ بھی تعیناتی کے بارے میں ابہام پیدا کردے گا۔
نجی ٹی وی کے پروگرام میں گفتگو کرتے شاہد خاقان عباسی نے کہا کہ اگر سمری میں اہل آدمی کا نام شامل نہیں کریں گے تو یہ معاملہ عدالت میں بھی جاسکتا ہے۔سیکرٹری ڈیفنس کی بڑی ذمہ داری بنتی ہے کہ کوئی ایسی کیفیت پیدا نہ ہو کہ معاملہ عدالت میں چیلنج ہو۔
انہوں نے کہا کہ کیئر ٹیکر سیٹ اپ مزید تباہی کا راستہ ہے ۔ سمری پر صدر کی تاخیر سے کسی کی ریٹائرمنٹ پر کوئی فرق نہیں پڑے گا۔ صدر مملکت کا جو رویہ رہا ہے، اس سے بہت سے خدشات کا اظہار کیا گیا کہ وہ آرمی چیف کی تعیناتی میں بھی رکاوٹ بننے کی کوشش کرسکتے ہیں۔ صدر مملکت نے غیرجانبداری کھودی ہے اور ان پر اعتماد نہیں رہا۔
شاہد خاقان عباسی نے کہا کہ ماضی قریب میں کسی تھری اسٹار جنرل کی ایکسٹینشن نہیں ہوئی، لیکن میرا نہیں خیال کہ وزیراعظم ازخود سمری کے بغیر پروموشن اور ایکسٹینشن کرسکتے ہیں۔ 27کے بعد سمری نہیں آسکتی کیونکہ 29 نومبر کو فیصلہ کرنا ہے۔ دو دن میں فیصلہ نہیں ہوسکتا۔ فیصلہ کرنے کے لیے جتنا وقت ملنا چاہیے تھا، سمری آجانی چاہیے۔