عالمی برادری افغان عوام کی خوشحالی کیلئے اپنا کردار ادا کرے: آرمی چیف

عالمی برادری افغان عوام کی خوشحالی کیلئے اپنا کردار ادا کرے: آرمی چیف
سورس: file

راولپنڈی: آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ سے امریکی کانگریس کے وفد نے ملاقات کی ہے ۔ دوطرفہ تعلقات اور افغان صورتحال پر بات چیت کی گئی ۔آرمی چیف نے کہا افغانستان میں امن کا مطلب پاکستان میں امن ہے ۔ عالمی برادری کو افغانستان میں انسانی بحران سے بچنے اور افغان عوام کی معاشی خوشحالی کیلئے اپنا کردار ادا کرنا ہوگا۔

آئی ایس پی آر کےمطابق آرمی چیف سےامریکی کانگرس کے دو رکنی وفد نے جی ایچ کیو راولپنڈی میں ملاقات کی ۔ ملاقات کرنے والوں میں خارجہ امور کمیٹی کے چیئرمین  گریگوری ویلڈن میکس اور چیئرمین ذیلی کمیٹی برائے ایشیا پیسیفک و وسطی ایشیا امریش بابولال بیرا، شامل تھے ۔

ملاقات کے دوران باہمی دلچسپی کے امور، افغانستان کی موجودہ سیکیورٹی صورتحال اور مختلف شعبوں میں دوطرفہ تعاون پر تبادلہ خیال کیا گیا۔

آرمی چیف نے کہا کہ پاکستان تمام علاقائی ممالک کے ساتھ دو طرفہ روابط برقرار رکھنے اور خطے میں پائیدار امن کا خواہاں ہے ۔ انہوں نےعالمی برادری  پر افغانستان میں انسانی بحران سے بچنے اور افغان عوام کی معاشی ترقی کے لیے مربوط کوششوں  کی ضرورت پر زور دیا ۔

مہمان وفد نے افغان صورتحال اور علاقائی استحکام میں پاکستان کے کردار اور موثر بارڈر مینجمنٹ کے لیے خصوصی کاوشوں کو سراہا اور پاکستان کے ساتھ ہر سطح پر سفارتی تعاون میں مزید بہتری کے لیے اپنا کردار ادا کرنے کا عہد کیا۔