ڈھاکہ :بنگلہ دیش کیخلاف ٹی ٹوئنٹی سیریز جیتنے کے بعد کپتان بابر اعظم نے کہا جس طرح سب نے کو ششیں کی ہیں اس کا کریڈٹ کھلاڑیوں کو جاتا ہے،جو غلطیاں ہم نے کی ہیں ہم آئندہ گیمز میں نہیں دہرائیں گے ۔
قومی کرکٹ ٹیم کے کپتان بابر اعظم نے بنگلہ دیش کیخلاف ٹی 20 سیریز جیتنے کے بعد کہا کہ ہمارے مڈل آرڈر نے ہمارے لیے گیمز جیتے ہیں ،جس طرح قومی کرکٹ ٹیم نے اپنی فتوحات کا سلسلہ جاری رکھا ہوا ہے ہم اس رفتار کو ٹیسٹ میچوں میں لے جانا چاہتے ہیں۔
بابر اعظم نے مداحوں کو کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ ٹیم کی پرفارمنس کو اب ٹی 20 کے بعد ٹیسٹ میچوں میں بھی لانا چاہتےہیں ۔
واضح رہے پاکستان نے بنگلہ دیش کیخلاف تیسرے ٹی 20 میچ میں سنسنی خیز مقابلہ کے بعد بنگال ٹائیگر ز کو 5 وکٹوں سے شکست دیکر تین میچوں کی سیریز اپنے نام کر لی تھی ،شیربنگلہ نیشنل سٹیڈیم میں کھیلے گئے میچ میں بنگلہ دیش نے ٹاس جیت کر بیٹنگ کرنے کا فیصلہ کیا اور مقررہ 20 اوورز میں 7 وکٹوں کے نقصان پر 124 رنز بنائے۔ محمد نعیم 47 رنز کے ساتھ نمایاں بلے باز رہے جبکہ شمیم حسین 22، عفیف حسین 20، نجم الحسین شنتو 5، محمود اللہ 13 اور نورالحسن 4 رنز بنا سکے۔
پاکستان کی جانب سے محمد وسیم جونیئر سب سے کامیاب باؤلر رہے جنہوں نے 4 اوورز میں 15 رنز کے عوض 2 کھلاڑیوں کو پویلین کی راہ دکھائی اور عثمان قادر نے 4 اوورز میں 35 رنز کے عوض 2 وکٹیں حاصل کیں جبکہ شاہنواز دھانی اور حارث رؤف نے ایک، ایک وکٹ حاصل کی۔
قومی ٹیم نے مقررہ ہدف 2 وکٹوں کے نقصان پر حاصل کر کے ناصرف میچ میں فتح حاصل کی بلکہ تین میچوں کی سیریز بھی وائٹ واش کر دی۔ پاکستان کی جانب سے حیدر علی 45 رنز کیساتھ نمایاں رہے بلکہ محمد رضوان 40، بابراعظم 19 اور سرفراز احمد 6 رنز بنانے میں کامیاب ہو سکے۔