خطے میں بالادستی نہیں چاہتے ، چینی صدر کا واضح اعلان

04:03 PM, 22 Nov, 2021

بیجنگ : چین کے صدر شی جن پنگ نے کہا ہے کہ آسیان ممالک کے دوست ہمارے اچھے پڑوسی ہیں اور بہترین  پارٹنر رہیں گے ۔انہوں نے کہا ہے کہ خطے میں بہتری کے لئے آسیان ممالک کے ساتھ کام کرنے کو تیار ہیں ۔

تفصیلات کے مطابق چین کے صدر شی جن پنگ جنوب مشرقی ایشیائی رہنماؤں سے خطاب  کررہے تھے ۔ جنوب مشرقی ایشیائی ممالک کی تنظیم آسیان کے سربراہی اجلاس میں خطاب کرتے ہوئے چینی صدر نے کہا کہ خطے میں مداخلت کو کم کرنے کے لیے آسیان کے رکن ممالک کے ساتھ مل کر کام کرنے کو تیار ہیں۔

انہوں نے کہا کہ سمندر کے جنوبی حصے سے متعلق چین پر بڑھتے ہوئے تناؤ کے باوجود اپنے چھوٹے علاقائی پڑوسیوں کو دھمکائیں گے اور نہ ہی اپنے حجم کا فائدہ اُٹھاتے ہوئے چھوٹے ممالک پر قبضہ کرنے کی خواہش رکھتے ہیں۔

 چینی صدر نے  واضح کیا کہ ہم خطے میں بالادستی، تسلط اور تناؤ نہیں چاہتے۔ان کا کہنا تھا کہ  چین اور آسیان نے اس وقت سرد جنگ کے اندھیرے کو ختم کیا تھا جب خطے میں سپر پاور بننے کے لیے مقابلے کی فضا تھی اور ویتنام کی جنگ جیسے تنازعات عروج پر تھے۔

واضح رہے کہ جنوب مشرقی ایشیائی ممالک کی تنظیم آسیان میں برونائی، کمبوڈیا، انڈونیشیا، لاؤس، ملائیشیا، میانمار، فلپائن، سنگاپور، تھائی لینڈ اور ویت نام شامل ہیں تاہم اس اجلاس میں میانمار کو فوجی بغاوت کے باعث مدعو نہیں کیا گیا ۔

مزیدخبریں