کراچی: ملک کے کئی شہروں میں چینی کی قیمتوں میں نمایاں کمی آگئی ۔ کرشنگ سیزن شروع ہونے سے لاہور میں چینی 95 روپے فی کلو سے 110 روپے فی کلو تک دستیاب ہے ۔
تفصیلات کے مطابق ملک میں چینی کی قیمتوں میں نمایاں اضافے سے شہریوں میں تشویش پائی جاتی تھی کئی شہروں میں چینی فی کلو کے ریٹ میں فرق دیکھنے میں آرہا تھا لیکن کرشنگ سیزن شروع ہونے سے کراچی، لاہور، کوئٹہ اور اسلام آباد سمیت ملک کے مختلف شہروں میں چینی کی قیمتیں نیچے آگئی ہیں ۔
کراچی سمیت سندھ کے بازاروں میں کرشنگ کے بعد نئی چینی آگئی ہے جس کی وجہ سے چینی کی قیمت تیزی سے نیچے آگئی ہے اور اب 150 روپے کلو سے زائد قیمت پر ملنے والی چینی ریٹیل میں 95 سے 100 روپے کلو فروخت کی جارہی ہے۔
سندھ کے شہر حیدرآباد میں ایک کلو چینی 96 سے 100روپے کلومیں فروخت جارہی ہے جب کہ سکھر اور گوجرانوالہ میں چینی 100 روپے فی کلو ہوگئی ہے ۔
کرشنگ سیزن کی وجہ سے نئی چینی کی مارکیٹ میں آمد کے بعد لاہور کی ہول سیل مارکیٹ میں بھی چینی کی قیمت نمایاں کم ہوگئی ہے ۔ لاہور کی ہول سیل مارکیٹ میں چینی کی قیمت 95 روپے فی کلو سے 110 روپے فی کلو میں مل رہی ہے ۔