شاہنواز دھانی نے پہلے ہی اوور میں ٹی 20 انٹرنیشنل وکٹ حاصل کر لی

شاہنواز دھانی نے پہلے ہی اوور میں ٹی 20 انٹرنیشنل وکٹ حاصل کر لی
سورس: فوٹو: بشکریہ ٹوئٹر

ڈھاکہ: بنگلہ دیش کے خلاف تیسرے ٹی 20 میچ میں ڈیبیو کرنے والے قومی ٹیم کے فاسٹ باؤلر شاہنواز دھانی نے اپنے پہلے ہی اوور میں ٹی 20 انٹرنیشنل وکٹ حاصل کرلی ہے۔ 
شیر بنگلہ نیشنل سٹیڈیم میں کھیلے جا رہے میچ میں شاہنواز دھانی نے اننگز کا دوسرا اوور کرایا جو ٹی 20 انٹرنیشنل کرکٹ میں ان کا پہلا اوور بھی ہے۔ انہوں نے اپنے پہلے ہی اوور کی تیسری گیند پر نجم الحسن 5 کے انفرادی سکور پر کلین بولڈ کر دیا۔ 
واضح رہے کہ بنگلہ دیش نے آخری ٹی 20 میچ میں پاکستان کے خلاف ٹاس جیت کر بیٹنگ کرنے کا فیصلہ کیا ہے اور آج کے میچ کیلئے قومی ٹیم میں چار تبدیلیاں کی گئی ہیں جبکہ قومی ٹیم پہلے ہی سیریز اپنے نام کر چکی ہے۔ 
پاکستان کی جانب سے نوجوان فاسٹ باؤلر شاہنواز دھانی آج اپنا ٹی 20 ڈیبیو کررہے ہیں جبکہ آل راؤنڈر شعیب ملک بیٹے کی طبیعت ناساز ہونے کے سبب بنگلہ دیش کے خلاف تیسرے ٹی 20 سے دستبردار ہوچکے ہیں۔
دوسری جانب فخر زمان، شاداب خان، شاہین شاہ آفریدی اور شعیب ملک بھی پلیئنگ الیون میں شامل نہیں ہیں۔ واضح رہے کہ تین ٹی ٹوئنٹی میچز کی سیریز میں پاکستان دو میچز جیت کر سیریز اپنے نام کرچکا ہے۔